بھارت کے دو کنوارے کئی برس سے میڈیا کی زینت بنے ہوئے ہیں، ایک تو بالی ووڈ کے سلمان خان تو دوسرے کانگریس کے صدر راہول گاندھی ۔
بھارت بھر میں شور مچا ہوا ہے کہ کانگریس کے صدر اور گاندھی خاندان کے چشم و چراغ کی راہول گاندھی نے رائے بریلی سے کانگریس کی رکن اسمبلی ادیتی سنگھ سے شادی ہوگئی ہے ، یہ سچ ہے یا افواہ؟
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرناٹک کے اسمبلی انتخابات سے چند روز قبل یہ خبر سوشل میڈیا پر زیر گردش رہی اورآگ کی طرح پورے ملک میں پھیل گئی کہ راہول گاندھی نے اپنی ہی جماعت کی رکن اسمبلی ادیتی سنگھ سے شادی کرلی ہے ، اس خبر کے ساتھ دونوں کی تصاویر بھی شیئر کی گئیں ۔
خبر میں دعویٰ بھی کیا گیا کہ جوڑے نے رواں ماہ ہی شادی کی ہے ، یہ اطلاع واٹس ایپ سے ہوتے ہوئے سوشل میڈیا تک اور پھر خبروں کی زینت بن گئی ، بات اس حد تک پھیلی کہ ادیتی سنگھ کو مین اسٹریم میڈیا پر آکر اس کی وضاحت کرنا پڑی۔
ادیتی سنگھ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سوشل میڈیا پر جو افواہیں پھیلائی جارہی ہیں اس پر حیران ہوں، راہول جی صرف ہماری پارٹی کے صدر ہیں اور میرے بڑے بھائی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں ا ن کا تہہ دل سے احترام کرتی ہوں،شادی کی افواہ سیاسی سازش کے سوا کچھ بھی نہیں،بعض قوتیں سیاسی مفادات کے حصول میں اس طرح کی افواہیں پھیلارہے ہیں۔
ادیتی نے واضح کیا کہ وہ اس قسم کی باتو ںاور افواہوں سے ڈرنے والی نہیں، منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار ہوں۔
اب دیکھنا یہ کہ ایک ریاست کے انتخابات کے دوران ملک کی دوسری بڑی جماعت کے خلاف یہ پروپیگنڈا اس کے حق میں جاتا یا اس کے منفی نتائج برآمد ہوتے ہیں۔
ادیتی سنگھ اسمبلی انتخابات میں 90ووٹوں کے فرق سے کامیابی حاصل کی تھیں، انہوں نے ڈیوک یونیورسٹی امریکا سے مینجمنٹ اسٹڈیز میں ماسٹرز کررکھا ہے ،ان کے والد اکھلیش جو رائے بریلی کی سیٹ سے 5 مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہوچکے ہیں ،کی جگہ سیاسی میدان میں اتری ، وہ گاندھی خاندان میں پرینکا گاندھی کی قریبی دوست اور پارٹی کی سرگرم کارکن ہیں۔