لاہور(ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز لندن میں انتقال کرگئی ہیں، کلثوم نواز کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں اور لندن کے ہارلے اسٹریٹ اسپتال میں زیرعلاج تھیں، ان کی میت جمعے کوپاکستان لائے جانے کا امکان ہے، تاہم ان کے جنازے میں ان کے،
صاحبزادے حسن نواز اور،حسین نواز شریک ہوں گے یا نہیں ، اس کا تاحال فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بیگم کلثوم نواز کے انتقال کے بعد ان کے صاحبزادے حسن نواز اور حسین نواز کی جنازے میں شرکت پرسوالیہ نشان لگ گئے ہیں ۔ حسن نوازاور حسین نواز کیخلاف احتساب عدالت میں پاناما کیسز سے متعلق ریفرنسز زیرسماعت ہیں۔ عدالت نے حسن اور حسین نواز کو مختلف کیسز میں طلب کررکھا ہے ۔تاہم وہ نیب اور عدالت کے حکم کے باوجود پیش نہیں ہوتے رہے۔ جس پر عدالت نے انہیں اشتہاری بھی قرار دے رکھا ہے۔ شریف فیملی نے ان کے کیسز کے حوالے سے مئوقف اختیار کیا تھا کہ حسن نواز اور حسین نوازپاکستانی شہری ہونے کے ناطے برطانوی شہریت بھی رکھتے ہیں ان کے کاروبار لندن میں ہیں اس لیے پاکستانی قانون ان پرلاگو نہیں ہوتا۔ تاہم اب جب ان کی والدہ بیگم کلثوم نوازانتقال کرگئی ہیں تو حسن نواز اور حسین نواز کی اپنی والدہ کے جنازے میں شرکت پرسوالیہ نشان لگ گئے ہیں کہ کیا بیگم کلثوم نواز کے دونوں صاحبزادے اپنی والدہ کی میت کے ہمراہ پاکستان واپس آئیں گے یا نہیں۔ تاہم اگر وہ پاکستان آئے توانہیں زیرسماعت کیسز میں گرفتار کرلیا جائے گا؟
خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثو م نواز کی میت جمعے کو پاکستان لانے کا امکا ن ہے۔بتایا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف بیگم کلثوم نواز کی میت وطن واپس لانے کیلئے آج رات برطانیہ روانہ ہوں گے۔شہبازشریف کا کہنا ہے کہ نوازشریف نے ہر مشکل اور ہرمعاملے میں بیگم کلثوم نواز سے مشاورت کی ۔تاہم شہبازشریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز آج جو بھی پہلی فلائٹ لندن روانہ ہوگی اس کے ذریعے لندن چلے جائیں گے۔ واضح رہے مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے تصدیق کی ہے کہ سابقوزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز انتقال کرگئی ہیں، اس سے قبل کلثوم نواز کوسنگین بیماری کی حالت میں ہارلے اسٹریٹ اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔حسن نواز نے بتایا تھا کہ کلثوم نواز کی پھیپھڑوں کی بیماری سنگین ہوگئی، جس کے باعث انہیں ہارلے اسٹریٹ کلینک منتقل کیا گیا، کلثوم نوازکی کل رات سے طبیعت مزید خراب تھی۔ بتایا گیا ہے۔ کلثوم نوازکوپھیپھڑوں کی بیماری کے باعث آئی سی یو میں منتقل کیا گیا تھا، ڈاکٹروں نےان کو وینٹیلیٹر پرڈالنے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم خاندان ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ وہ اسپتال میں انتقال کرگئیں۔