اسلام آباد: اسلام آباد کی احتساب عدالت آج پانامہ ریفرنسز میں حسن اور حسین نواز کو اشتہاری قرار دینے کا فیصلہ کرے گی جبکہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی وارنٹ گرفتاری کے باوجود عدالت پیشی کا امکان نہیں۔
شریف خاندان کیخلاف پانامہ ریفرنسز میں سابق وزیراعظم کے صاحبزادے حسن اور حسین نواز اشتہاری قرار پائیں گے یا نہیں احتساب عدالت آج فیصلہ کرے گی۔ احتساب عدالت نے حسن اور حسین نواز کے مسلسل غیرحاضری کے باعث ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں، عدالت آج انہیں اشتہاری قرار دے سکتی ہے۔ دوسری جانب نیب حکام دونوں کی جائیداد کی قرقی سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کرائیں گے۔ عدالت اسحاق ڈار کیخلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت بھی کرے گی۔ وزیرخزانہ کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہیں۔ گذشتہ سماعت پر انہیں حاضری کا آخری موقع دیا گیا تھا مگر انکی پیشی کا کوئی امکان نہیں۔ احتساب عدالت نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کےخلاف تین ریفرنسز میں 15 نومبر کو گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرنے کا عمل شروع کرے گی۔