ممبئی: شاہ رخ خان نے اپنے بارے میں کرن جوہر کے ایک بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے بچوں کا پوری طرح خیال رکھتے ہیں لیکن وہ ایسے باپ ہر گز نہیں جو ہر وقت اپنے بچوں پر دو نالی بندوق تان کر رکھتے ہوں۔
کچھ روز پہلے کرن جوہر نے اپنے ایک ٹی وی پروگرام میں کہا تھا کہ شاہ رخ خان اپنی سولہ سالہ بیٹی سہانا پر کڑی نظر رکھتے ہیں جس سے میڈیا میں یہ تاثر پھیلنے لگا تھا کہ کنگ خان اپنے بچوں پر بہت زیادہ سختی کرتے ہیں۔
ایسی خبروں اور تبصروں کے جواب میں شاہ رخ خان نے کہا کہ کسی بھی ذمہ دار باپ کی طرح وہ بھی اپنے بچوں کا خیال رکھتے ہیں تاکہ انہیں کسی بھی قسم کی مشکل سے محفوظ رکھ سکیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ انہیں سخت گیر باپ قرار دے دیا جائے۔کنگ خان کا کہنا تھا کہ اپنے بچوں کے ساتھ ان کے دوستانہ تعلقات ہیں اور وہ ان سے کسی بھی موضوع پر بات کرسکتے ہیں البتہ وہ چاہتے ہیں کہ میڈیا ان کے بچوں کی نجی زندگی دخل اندازی نہ کرے۔ ’’میں اپنے بچوں کی پرورش ایسے کرنا چاہتا ہوں کہ باپ اور بچوں کے رشتے میں باہمی اعتماد کے ساتھ آزادی بھی ہو کیونکہ بچے غلطیاں کرتے ہیں اور ان کا ایسا کرنا (عمر کے حساب سے) ٹھیک بھی ہے،‘‘ شاہ رخ خان نے کہا۔شاہ رخ خان کے مطابق وہ اپنے بچوں سے باخبر رہتے ہیں لیکن ایک باپ کی حیثیت سے یہ ان کی ذمہ داری اور ان کی محبت کا ثبوت ہے جسے غلط طور پر ان کی سخت گیری قرار دیا جارہا ہے۔اس سے پہلے بھی جب شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا کی کچھ نازیبا تصویریں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو شاہ رخ خان نے لوگوں اور میڈیا سے درخواست کی تھی کہ وہ ان کے بچوں کی نجی زندگی پر حملے کرنے سے باز رہیں اور کسی کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ دوسروں کی ذاتی زندگی میں دخل دے۔واضح رہے کہ شاہ رخ خان کے تین بچے ہیں جن میں 19 سالہ آریان، 16 سالہ سہانا اور 3 سالہ ابرام شامل ہیں۔