اسلام آباد: مریم نواز نے ریحام خان سے ملاقات کرنے یا نہ کرنے کے سوال پر کوئی جواب نہیں دیا اور صحافی کی جانب سے کئے گئے سوال کو گول کرگئیں۔
احتساب عدالت میں العزیزیہ ریفرنس کیس کی سماعت کے موقع پر جب مریم نواز عدالت سے باہر آئیں تو ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا ریحام خان سے کبھی آپ کا رابطہ ہوا ہے؟۔ صحافی کے سوال پر مریم نواز نے تردید کی نہ تصدیق بلکہ جواب دیا کہ اس سوال کو چھوڑیں جس کے بعد وہ خاموشی سے گاڑی میں بیٹھیں اور چلتی بنیں ۔صحافی کی جانب سے یہ سوال تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری کے اس بیان کے بعد کیا گیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ریحام خان کب، کہاں، کس سے اور کس کے ذریعے ملیں ساری کہانی سامنے آ گئی ہے۔ سوشل میڈیا پر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ریحام خان کی ملاقاتوں کے سارے ثبوت مل گئے ہیں۔ ریحام خان نے مریم نواز سےملاقات کی جس کا اہتمام احسن اقبال نے کرایا۔ انہوں نے کہا کہ ریحام خان کی مریم نواز سے ملاقات کے ناقابل تردید شواہد نے ساری سازش کا پول کھول دیا کہ کتاب کی تصنیف و اشاعت کا سارا تماشا حقیقی اپوزیشن کو گرانے کیلئے رچایا گیا۔
دوسری جانب ایک خبر کے مطابق تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ ریحام خان اور مریم نواز کی خفیہ ملاقات کا اہتمام احسن اقبال نے کروایا جس کے واضح ثبوت مل گئے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر فواد چوہدری نے دعویٰ کیا کہ ریحام خان کی کتاب سے صاف ظاہر ہے یہ تحریک انصاف کی ساکھ کو متاثر کرنے کے لیے انتخابات کے عین وقت سامنے لائی جارہی ہے، عمران خان کی سابق اہلیہ نے مریم نواز سے ملاقات کی جس کا پورا انتظام احسن اقبال نے کیا۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کتاب کی رونمائی اور اشاعت کی ٹائمنگ بہت سوچ سمجھ کر رکھی گئی، شریف خاندان نے نصرت بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو کے خلاف بھی اسی طرح کا کام کیا اور اب وہ عمران خان کے خلاف استعمال ہو رہی ہیں۔ترجمان تحریک انصاف کا کہناتھا کہ ریحان خان نے کتاب میں جھوٹی کہانیاں تحریر کی ہوں گی جس پر انہیں قانونی نوٹس ارسال کردیا ہے، حسین حقانی سے بھی اُن کی ملاقات سوچے سمجھے منصوبے کا حصہ ہیں۔فواد چوہدری نے دعویٰ کیا کہ ریحام خان اور مریم نواز کی ملاقاتوں کا سلسلہ بہت پرانا ہے، ناقابل تردید اور دستاویزی شواہد نےساری سازش کاپول کھول دیا، جو ای میلز اب سامنے آرہی ہیں وہ دھرنے کے وقت کی ہیں۔