برمنگھم ( ایس ایم عرفان طاہر سے ) حضرت فاروق اعظم کا نظام عدل قیامت تک محیط رہے گا ،آپ نے دنیا میں سب سے پہلے سوشل ویلفیئر ، پولیس ، افواج ، محکمہ ڈاک اور تعلیم کا با ضابطہ نظام متعارف کروایا ، توحید و رسالت پر پہرا دیتے ہوئے اپنی جان کی قربانیا ں دینے والے مسلمان کبھی بھی دہشتگردی و انتہا پسندی کا راستہ نہیں اپنا سکتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار سرپرست اعلیٰ جماعت اہل سنت و مفتی اعظم برطانیہ محمد گل رحمن قادری نے قادریہ ٹرسٹ مسجد و کمیونٹی ایجوکیشن سنٹر میں یوم شہادت خلیفہ دوم کے حوالہ سے محفل پاک کے شرکاء سے خصوصی خطاب کرتے ہو ئے کیا ۔ انہو ں نے کہاکہ اللہ اور اسکے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت اور قرب حاصل کرنے کے لیے ہمیں صحابہ کرام کی زندگیوں کی پیروی کرنا ہو گی۔
انہوں نے کہاکہ حقیقی عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہی دنیا میں امن و سلامتی ایثار صبر و برداشت اور عدل و انصاف کا معیار ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہو ئے چیئرمین قادریہ ٹرسٹ برطانیہ صاحبزادہ پیر محمد طیب الرحمن قادری نے کہاکہ ذو الحجہ یعنی اسلامی سال کے آخر میں حضرت ابراہیم کے صاحبزادے حضرت اسماعیل کی قربانی اور پھر محرم الحرام اسلامی سال کے آغاز میں حضرت عمر فاروق اور دس محرم کو حضرت امام حسین کی لازوال قربانی تاریخ گواہ ہے کہ مسلم امہ کا اسلامی دور شروع بھی قربانیوں سے ہوتا ہے اور اسکا اختتام بھی قربانیوں سے منصوب ہے ۔انہو ں نے کہاکہ حضرت عمر فاروق کا نظام عدل آج بھی دنیا کے مختلف ممالک میں چلتا ہو ا دکھائی دے رہا ہے جس سے عام لوگ بھرپور فائدہ حاصل کررہے ہیں۔ انہو ں نے کہاکہ امت مسلمہ کے لیے نئے اسلامی سال کا یہی پیغام ہے کہ ہر شخص سچی توبہ کے بعد صراط مستقیم کا علمبردار بن جائے۔
انہوں نے کہاکہ صحابہ اکرام نے عدل کا نظام قائم کیا اسکی وجہ سے غیر مسلموں کو بھی اپنا مذہب چھوڑ کر دین اسلام کی حقانیت اور صداقت پر سر تسلیم خم کرنا پڑا ۔ انہو ں نے کہاکہ دین اسلام کی سربلندی اور اسکے حقیقی عروج کے لیے ہمیں شائر اسلام پر مکمل پہرا دینا پڑے گا ۔ انہو ں نے کہاکہ عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا تقاضا ہے کہ ہم اپنی زندگیوں کو صحابہ کرام کے طریقہ پر چلا نے کی عملی زندگی میں کوشش کریں اسی میں ہما ری بقاء اور فلا ح و نجات ممکن ہے ۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد خالد ،علامہ محمد الطاف حسین، رانا محمد عمر ، محمد ناصر ، قاری محمد علی قادری ، حاجی عبد المجید قادری ، حاجی منیر حسین اور دیگر بھی موجود تھے ۔تقریب کے اختتام پر شرکاء محفل میں لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔