ممبئی(ویب ڈیسک) نانا پاٹیکر بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار ہیں جن پر اب ایک اداکارہ نے انتہائی شرمناک الزام عائد کر دیا ہے۔ خلیج ٹائمز کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ تنوشری دتہ نے ’زوم ٹی وی ‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہاہے کہ ’’یہ 10 سال پہلے کا واقعہ ہے، 2009ء میں جب
ہم فلم ’ہارن اوکے پلیز‘ کی شوٹنگ کر رہے تھے، اس دوران نانا پاٹیکر نے کئی بار مجھے جنسی طور پر ہراساں کیا۔‘‘ اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’’ہر کوئی جانتا ہے کہ ناناپاٹیکر کے دل میں خواتین کے لیے کبھی کوئی عزت نہیں رہی۔ فلم انڈسٹری کے لوگ ناناپاٹیکر کے پس منظر سے واقف ہیں، کہ وہ اداکاراؤں پر تشدد کرتا رہا ہے اور انہیں جنسی طور پر ہراساں کرتا رہا ہے۔ خواتین کے ساتھ اس کا رویہ شروع سے ایسا گھٹیا رہا ہے لیکن کبھی کسی اخبار نے اس کے متعلق خبر شائع نہیں کی۔ہر کوئی ناناپاٹیکر کے اس روئیے کے متعلق کاناپھوسی کرتے ہیں لیکن کبھی کسی نے سامنے آ کر اس معاملے پر بات کرنے کی جرأت نہیں کی۔‘‘ تنوشری دتہ نے مزید کہا کہ ’’ایسے کردار کے حامل لوگ انڈسٹری میں بہت ہیں اور انڈسٹری میں موجود لوگ ان کی کہانیاں سنتے رہتے ہیں لیکن کبھی یہ کہانیاں منظرعام پر نہیں آ پاتیں۔ اکشے کمار نے گزشتہ 8سالوں میں ناناپاٹیکر کے ساتھ کئی فلموں میں کام کیا ہے اور رجنی کانت بھی حال ہی میں اپنی فلم کالا میں اس کے ساتھ کام کر چکے ہیں۔ جب ایسے بڑے اداکار ایسے مجرموں کے ساتھ کام کرتے رہیں گے تو صورتحال میں بہتری کا کوئی امکان نہیں۔‘‘واضح رہے کہ فلم ’ہارن اوکے پلیز‘میں تنوشری دتہ کو ایک گانے کے لیے سائن کیا گیا تھا لیکن انہوں نے ناناپاٹیکر کے روئیے کی وجہ سے فلم درمیان میں ہی چھوڑ دی تھی۔ (ف،م)