وزیراعظم کے مشیر امیر مقام نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کا اپنے احتجاج کو پر امن کہنا سمجھ سے بالا تر ہے، ایسے ہی پر امن احتجاج میں پی ٹی وی اور پارلیمنٹ پر حملہ کیا گیا تھا، عوام نے عمران خان کے دھرنے کو مسترد کردیا ہے۔
امیر مقام نے کہا کہ پرویز خٹک قبضے کی نیت سے اسلام آباد آئیں گے تو ہر صورت میں روکا جائے گا، سی پیک کوئی خفیہ یا مراد سعید کی ڈگری کی طرح جعلی دستاویز نہیں، اسد قیصر اسپیکر کا عہدہ چھوڑ کر شوق سے پی ٹی آئی کا جیالا بنیں، سی پیک کے خلاف عدالت جانے کا کوئی جواز نہیں۔
پشاور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر مقام کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے عزائم واضح تھے کہ وہ پرامن نہیں ہیں، عوام کو مبارکباد دیتا ہوں کہ انہوں نے انتشار کی سیاست کو مسترد کردیا، کرائے کے چند لوگ لے کر اسلام آباد کو بند نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ آئے روزملک کو انتشار سے بچانے کے لئے قومی اتفاق رائے ہونی چاہئے، صوبائی حکومتیں وفاقی دارالحکومت پر چڑھائی شروع کردیں تو نظام کیسے چلے گا؟امیر مقام نے سی پیک کے حوالے سے عدالت میں رٹ دائر کرنے پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر سے کہتا ہوں کہ آئین پڑھیں، کیا انہیں رٹ کرنے کا اختیار ہے؟ سی پیک کے خلاف احتجاج کا نقصان نواز شریف کو نہیں ہوگا، سرمایہ کاری رک جائے گی، ملک کا نقصان ہوگا۔