مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر محمد زبیر کہتے ہیں کہ عمران خان دن میں دس دس بار کہتے تھے کہ الزامات نہیں ثبوت ہیں،آج عدالت میں عمران کےوکیل کہتے ہیں ان کےپاس تو ثبوت نہیں،آج عوام کے پاس آکر اعتراف کریں کہ ان کے پاس ثبوت نہیں۔
انہوں نے مسلم لیگ ن کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مزید کہا کہ بڑے کاغذ لہراتے تھے، کہاں ہیں وہ کاغذات اور ثبوت،آپ دارلحکومت کو بند کرنے آگئے ، کہاں ہیں ثبوت ؟جو جلسوں، کنٹینر اور بنی گالہ میں کھڑے ہوکرکہتے، آج بڑھ کر کہتے ناں کہ ثبوت ہیں ۔
محمدزبیر نے یہ بھی کہا کہ یکم نومبرتک یہ کہتےتھےکہ الزامات نہیں ثبوت ہیں،ثبوت کادعویٰ کرنے والے آج سپریم کورٹ میں بکری بنے بیٹھے تھے، جب عدالت نےپوچھاتوتحریک انصاف کےوکیل نےثبوت کیوں پیش نہیں کیے؟ عمران خان کے لاکھوں چاہنے والے بھی کہتے ہیں کہ ’’وہ تو عمران خان کو بڑا سچا آدمی سمجھ رہے تھے ، یہ کیا ہوا؟‘‘