اسلام آباد: قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر، کپتان سرفراز احمد اور چیف سلیکٹر انضمام الحق کی ورلڈ کپ سکواڈ کے لیے مشاورت مکمل ہوگئی ہے۔ اور سلیکٹرز نے جارح مزاج بلے باز آصف علی اور تجربہ کار فاسٹ باﺅلر محمد عامر پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل فہیم اشرف اور اوپننگ بلے باز عابد علی کی جگہ محمد عامر اور آصف علی 15 رکنی ٹیم ورلڈ کپ ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ 27 سالہ آصف علی نے ساﺅتھیمپٹن کے دوسرے ون ڈے میں 36 گیندوں پر 51 اور برسٹل کے تیسرے ون ڈے میں 43 گیندوں پر 52 رنز کی اننگز کھیل کر ورلڈکپ سکواڈ میں اپنی سیٹ کنفرم کروالی ہے۔ رواں سال اپنی 27ویں سالگرہ منانے والے بائیں ہاتھ کے فاسٹ باﺅلر محمد عامر جو چیچک کے باعث ان دنوں قومی ٹیم سے علیحدہ کر دیے گئے ہیں اور ان دنوں لندن میں زیرعلاج ہیں، پیسر کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق کی آشیر باد اور انگلینڈ کے خلاف دو میچز میں باﺅلرز کی ناقص پرفارمنس نے ان کا راستہ صاف کردیا ہے۔ 51 ون ڈے میچز میں 32.85 کی اوسط سے 60 وکٹیں لینے والے محمد عامر اپنے آخری 14 میچز میں محض 5 وکٹیں لے سکے تھے تاہم وہ انگلینڈ کےخلاف آخری دو ون ڈے یا ورلڈکپ ورام اپ میچز میں کھیلے بنا براہ راست میگا ایونٹ میں کھیلیں گے۔
یاد رہے کہ انگلینڈ میں 30 مئی سے شروع ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ کے لئے شریک ٹیموں نے اپنے سکواڈ کو حتمی شکل دے دی ہے، ورلڈ کپ شروع ہونے سے ایک ہفتے قبل تک ٹیموں کے پاس اختیار ہے کہ وہ اپنی مرضی سے ٹیم میں رد و بدل کرسکتے ہیں