لاہور: پاناما کیس کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سابق سربراہ واجد ضیاء اپنا بیان ریکارڈ کرانے لاہور میں نیب کے دفتر پہنچ گئے۔
نیب نے پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس کی تیاری شروع کردی ہے۔ اس حوالے سے گزشتہ روز جے آئی ٹی کے سابق سربراہ واجد ضیاء نے نیب راولپنڈی کے سامنے بیان ریکارڈ کرایا تھا۔
واجد ضیاء کو آج نیب لاہور نے طلب کررکھا تھا اور وہ اپنا بیان ریکارڈ کرانے اسلام آباد سے لاہور پہنچ گئے ہیں۔
واجد ضیاء نیب لاہور کے سامنے دفعہ 161 کے تحت بطور گواہ اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گے جہاں ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور سلیم شہزاد ان کا بیان ریکارڈ کریں گے جب کہ واجد ضیاء کو نیب کی جانب سے ایک سوالنامہ بھی دیا گیا ہے جسے وہ مکمل کرکے نیب کے حوالے کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ واجد ضیاء ایک دستاویزی بیان لے کر نیب لاہور کے دفتر آئے ہیں جو وہ نیب کو دیں گے۔
شریف خاندان کے خلاف نیب لاہور میں 4 کیسز ہیں جن میں سے ایک کیس 12 آف شور کمپنیوں اور دوسرا لندن کے 4 فلیٹس کا ہے جب کہ نیب راولپنڈی کے پاس 2 کیسز ہیں۔
واضح رہے کہ نیب نے شریف خاندان اور اسحاق ڈار کو بھی کئی بار طلب کیا تھا تاہم دونوں فریقین نے سپریم کورٹ میں فیصلے کے خلاف نظر ثانی اپیلیں دائر کررکھی ہیں اور اس پر فیصلہ آنے تک نیب کے سامنے پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔