دماغ کی کارکردگی کو بہتراوراحساسات نوٹ کرنے والا ہیڈ فون
اس ہیڈفون کو ’’مائنڈ سیٹ‘‘ کا نام دیا گیا ہے اور اسے بنانے والی کمپنی کا دعویٰ بھی یہی ہے کہ اس سے دماغی کارکردگی بڑھتی ہے۔ یہ ہیڈ فون پہننے والے کے سر کی الیکٹرواینسفیلوگرافی (ای ای جی) کیفیت کونوٹ کرتی رہتی ہے جس سے پہننے والا ایک خاص کیفیت میں چلاجاتا ہے اور یہ دماغ سے مضر عادات کوروکنے میں بھی مدد دیتا ہے۔
پورے ہیڈ بینڈ میں پانچ ای ای جی سینسر لگے ہیں اور ای ای جی گزشتہ 50 برس سے اسپتالوں میں دماغی جائزے کے لیے استعمال ہورہی ہے۔ کک اسٹارٹر کمپنی کا دعویٰ ہے کہ ای ای جی ہیڈ فونز مرگی کی شناخت، دماغی چوٹ کے علاوہ خلانوردوں اور کھلاڑیوں کی ذہنی کیفیت کو بہتر بنانے میں مددگار ہے۔
ہیڈ فون جذبات اور احساسات کو نوٹ کرتے ہوئے بتاتا ہے کہ پہننے والا خوش ہے یا اداس اور اس سے انسانی موڈ سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔ کمپنی کے مطابق ہیڈفون اتارنے کے بھی کافی دیر بعد اس کی بہتر کیفیت برقرار رہتی ہے۔ یہ پہلا مائنڈ سیٹ ہیڈ فون اس سال دسمبر میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔