اگر آپ کی جلد بے جان اور روکھی نظر آتی ہے تو ہوسکتا ہے کہ آپ کچھ ایسی غلطیاں کر رہے ہوں جن کا اثر آپ کی جلد پر پڑ رہا ہو۔
بظاہر یہ غلطیاں بہت معمولی لگتی ہیں لیکن اگر طویل عرصے تک کی جاتی رہیں تو یہ جلد پر انتہائی برے اثرات مرتب کرسکتی ہیں۔ غور کیجئے کہ کہیں آپ بھی یہ غلطیاں تو نہیں کررہے۔
پانی کی کمی:
ہوسکتا ہے کہ آپ کم مقدار میں پانی پی رہے ہوں۔ اگر ایسا ہے تو جان لیں کہ آپ کی جلد پر وقت سے پہلے جھریاں پڑنے کی ایک وجہ آپ کے جسم میں پانی کی قلت (ڈی ہائیڈریشن) بھی ہوسکتی ہے۔ اس لیے بہتر ہے کہ روزانہ 2 سے 3 لیٹر (8 سے 12 گلاس) پانی پئیں۔ اس سے آپ کو صحت کے بہت سے مسائل سے چھٹکارا پانے میں مدد ملے گی اور آپ کی جلد بھی زیادہ ہشاش بشاش نظر آئے گی۔
نیند ہمارے معمولات کا وہ حصہ ہے جس کے دوران ہماری اپنی مرمت خودکار طور پر کرتی ہے۔ اگر آپ کو پوری نیند نہ مل رہی ہو تو آپ کے چہرے پر عمر رسیدگی کے اثرات زیادہ نمایاں ہوں گے۔ پوری نیند سے مراد یہ ہے کہ جب آپ سو کر اٹھیں تو خود کو تازہ دم محسوس کریں نہ کہ تھکا ماندہ ہوا۔ پوری نیند کا دورانیہ مختلف افراد کے لیے مختلف ہوسکتا ہے۔ کچھ لوگ صرف 4 گھنٹے سونے کے بعد بھی تازہ دم ہوجاتے ہیں جب کہ کچھ لوگ جب تک 8 گھنٹے نہ سوئیں، ان پر سستی سوار رہتی ہے۔