عمران خان الزامات لگاتے ہیں مگر ثبوت نہیں دیتے، عدالت الزامات کا جواب طلب کرے تو نہ عمران خان پیش ہوتے ہیں نہ جواب جمع کرواتے ہیں: شہباز شریف کے وکیل کمرہ عدالت میں عمران خان پر برس پڑے
لاہور: وزیراعلٰی پنجاب کی جانب سے دس ارب روپے ہرجانہ کیس کی سماعت کے دوران عمران خان کا کوئی وکیل پیش ہوا نہ نوٹس کا کوئی جواب آیا، عدالت نے عمران خان کو 21 اگست تک جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف کی جانب سے دس ارب روپے ہرجانہ کیس کی سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل سیشن جج کے روبرو وزیراعلیٰ پنجاب کے وکیل مصطفی رمدے نے موقف اختیار کیا کہ عمران خان نے پاناما کیس میں خاموش رہنے پر وزیراعلٰی پر 10 ارب روپے رشوت کا الزام عائد کیا جو بے بنیاد ہے۔
شہباز شریف کے وکیل نے کہا کہ عمران خان نے سستی شہرت کے لیے شہباز شریف پر الزام لگائے جس سے وزیراعلی پنجاب کی ساکھ اور شہرت کو بھی نقصان پہنچایا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے وکیل نے عدالت سے استدعا کہ عدالت عمران خان کو جھوٹے الزامات لگانے پر 10 ارب روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم جاری کرے۔ عدالت نے عمران خان کو 21 اگست تک جواب جمع کرانے کاحکم دے دیا۔