وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی نااہلی کے لئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست پر سماعت جاری ہے۔
سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف عوامی عہدہ رکھنے کے ساتھ ذاتی کاروبار سے بھی منسلک رہے جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 پر بھی پورا نہیں اترتے۔ وکیل عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف نے نواز شریف کو 6 ارب روپے کے تحائف دیے لیکن اس رقم کا کسی منی ٹریل میں ذکر نہیں کیا جب کہ شہباز شریف نے خاندانی شوگر ملز کے لئے بھی اثر و رسوخ استعمال کیا۔ بابر اعوان نے پاناما کیس کی جے آئی ٹی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جےآئی ٹی رپورٹ کے مطابق شریف خاندان کے اثاثے آمدن سے مماثلت نہیں رکھتے۔ خیال رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی نااہلی کے لئے درخواست دائر کی تھی۔