اسلام آباد: احتساب عدالت میں شریف خاندان کے خلاف ریفرنسزکی سماعت جاری ہے۔
احتساب عدالت میں شریف خاندان کے خلاف ریفرنس کی سماعت جج محمد بشیرکی زیرصدارت جاری ہے۔ استغاثہ کے گواہ ملک طیب کا بیان قلمبند کیا جارہا ہے۔ عدالت نے دو گواہ مختار اور عمر دارز کو طلب کررکھا ہے جب کہ نوازشریف اوربیٹی مریم نواز حاضری سے استثنیٰ کے باعث پیش نہ ہوئے۔ سماعت کے دوران کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے بھی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائرکردی، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو 15 روز کے لیے حاضری سے استثنیٰ دیا جائے ، ان کی غیر حاضری میں فیصل عرفان ایڈووکیٹ پیش ہوں گے۔ احتساب عدالت کے باہرسیکورٹی انتظامات بھی معمول سے بہت کم ہیں، پولیس کے چند اہلکار تعینات جب کہ راستے بھی بند نہیں کئے گئے اور نوازشریف اور مریم نواز کی عدم حاضری کے باعث ن لیگ کے کارکنان بھی نہیں آئے۔