اسلام آباد: ملک کے بیشتر شہروں میں گرمی کی لہر جاری ہے اور کراچی میں آج بھی سورج آگ برساتا رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر شہروں میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا جب کہ سندھ اور جنوبی بلوچستان میں موسم شدید گرم رہنے کا امکان ہے تاہم کوئٹہ، ژوب، مالاکنڈ ڈویژن میں بعض مقامات پر تیزہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے، بالائی فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
کراچی میں آج بھی سورج آگ برساتا رہے گا اور پارہ 42 سینٹی سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ کراچی میں سمندری ہوائیں بند ہونے کے باعث گرمی کی شدت صبح سے ہی زیادہ محسوس کی جا رہی ہے جب کہ چھٹی ہونے کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد نے ساحل سمندر اور دیگر تفریحی مقامات کا رخ کر لیا ہے۔