نئی دہلی: پاکستان نے جذبہ خیرسگالی کے تحت گرفتار بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو رہا کرنے کا اعلان کیا تو بھارت نے اس پر بھی جھوٹا پروپیگنڈہ شروع کردیا اور اسے بھارت کی جیت اور پاکستان کی ہار قرار دے کر بھارتی عوام کو بے وقوف بنانے میں مصروف ہے۔ بھارتی میڈیا کے اس جھوٹے پروپیگنڈے کا کم از کم اس کے والدین کو فائدہ ضرور پہنچا ہے جنہیں انتہا پسند بھارتیوں کے عتاب کا شکار نہیں ہونا پڑ رہا اور انہیں ایک ’ہیرو‘ پائلٹ کا ”ہیرو والدین“ مان لیا گیا ہے جس کا مظاہر اس وقت ہوا جب وہ نئی دہلی آنے کیلئے ایک طیارے میں سوار ہوئے تو دیگر مسافروں نے کھڑے ہو کر تالیاں بجا کر ان کا استقبال کیا اور ان کے بیٹے کی بہادری پر مبارکبادیں پیش کی جاتی رہیں۔
بھارتی خبر رساں ادارے ’این ڈی ٹی وی‘ کی رپورٹ کے مطابق طیارے میں بیٹھے مسافروں کو جب علم ہوا کہ آخر میں سوار ہونے کیلئے آنے والے مسافر کوئی اور نہیں بلکہ ونگ کمانڈر ابھی نندن کے والدین ہیں تو سب اپنی نشستوں سے کھڑے ہو گئے اور تالیاں بجا کر ان کا استقبال کیا گیا کہ ان کے بیٹے نے اپنی بہادری سے بھارتی قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے اور پاکستان کو یہ پیغام دیا ہے کہ بھارت ’مہان‘ ہے۔ واضح رہے کہ پاک فضائیہ نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی خلاف ورزی کرنے والے 2 بھارتی طیاروں کو مار گرایا تھا جن میں سے ایک کا ملبہ مقبوضہ کشمیر اور دوسرے کا ملبہ آزاد کشمیر میں جا گرا۔ پاک فوج کے زمینی دستوں نے آزاد کشمیر میں گرنے والے طیارے کے پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار کر لیا۔ پاک فوج نے بہترین مثال قائم کرتے ہوئے ابھی نندن کا فوجی روایات کے عین مطابق خیال رکھا اور پھر گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے جذبہ خیرسگالی کے تحت اسے رہا کرنے کا اعلان کردیا