بیروت: حزب اللہ کے رہنما حسن نصراللہ نے عرب لیگ کے الزامات کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے یمنی باغیوں کو اسلحہ فراہم کرنے کی تردید کردی۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مصرکے دارالحکومت قاہرہ میں عرب لیگ کا اجلاس ہوا جس میں لبنان کی مسلح جماعت حزب اللہ پر عالم عرب میں دہشتگردی کرنے کا الزام لگایا گیا۔ حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ نے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حزب اللہ نے نہ تو یمن میں حوثی باغیوں کو اسلحہ فراہم کیا ہے اور نہ ہی سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پر فائر کیے جانے والے میزائل میں حزب اللہ ملوث ہے۔ حسن نصراللہ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت نے شام اور فلسطین میں اسلحہ اور گولہ بارود ضرور بھیجا ہے جس پر انھیں فخر ہے لیکن یمن کےحوالے سے عرب لیگ کے الزامات میں کوئی سچائی نہیں۔ حزب اللہ کے سربراہ نے واضح کیا کہ حزب اللہ نے یمن، بحرین، کویت اور عراق میں کوئی بیلسٹک میزائل، جدید اسلحہ یا بندوقیں نہیں بھیجی ہیں۔