اسلام آباد(ایس ایم حسنین)صدر ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان اور نائیجیریا کے مابین تجارت ، معیشت اور دفاع کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نائیجیریا کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ، پاکستان دونوں ممالک کے باہمی مفادکے لئے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہشمند ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے نائیجیریا کے سبکدوش ہونے والے ہائی کمشنر میجر جنرل (ر) اشیمیو اولانیعی سے الوداعی ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور نائیجیریا کے مابین دوطرفہ تعلقات میں بہتری کیلئے اعلی سطحی رابطوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، صدر عارف علوی نے نائیجیریا کے سفیر کوبھارت کے غیر قانونی تسلط میں جموں و کشمیر میں بھارتی سیکورٹی فورسز کی جانب سے ہونے والے مظالم کے بارے میں ا?گاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری جموں وکشمیر تنازعہ کے پرامن حل اور ہندوستان میں مسلم اقلیت کے تحفظ کے لئے اپنا کردار ادا کرے،صدر مملکت نے پاکستان اور نائیجیریا کے مابین دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لئے سبکدوش ہونے والے ہائی کمشنر کی کوششوں کو سراہا۔