ابوجا…جنگ ویب ڈیسک..نائیجیریا میں پاکستان کے ہائی کمشنر آغا عمر فاروق نے کہا ہے کہ نائیجیریا کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا مستقل رکن ہونا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں براعظم افریقہ کی نمائندگی کیلئے نائیجیریا کے پاس مستقل رکنیت کے تمام امکانات موجود ہیں۔نائجیرئین اخبارڈیلی ٹرسٹ کے مطابق ابوجا میں یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب کے دوران بات چیت میں پاکستانی ہائی کمشنر نے کہا کہ نائیجیریا ایک دن اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا مستقل رکن بنے گا۔
سلامتی کونسل اقوام متحدہ کے چھ اہم اداروں میں سے ایک ہے جو پندرہ رکن ممالک پر مشتمل ہے جس میں پانچ مستقل اور 10 غیر مستقل ارکان ممالک ہیں ،تاہم کوئی افریقی ملک اس کامستقل نمائندہ نہیں۔ پانچ مستقل ارکان روس، برطانیہ، فرانس، چین اور امریکہ ہیں۔