مستقبل کے چیلنجز کو پیش نظر رکھتے ہوئے پی سی بی ہائی پرفارمنس کیمپ کا آغاز 3جولائی کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہوا تھا، گزشتہ ہفتے تک مسلسل کرکٹرز کی جسمانی اور ذہنی استعداد بہتر بنانے کیلیے کام کیا گیا، کھلاڑیوں نے صبح اور شام کے سیشنز میں جم ٹریننگ اور میدان میں سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھا،انفرادی سیشنز میں پلیئرز کے مسائل اور حل پر بات ہوئی،پیر سے بیٹنگ اور بولنگ پریکٹس کا بھی آغاز ہوگیا، کوچز نے بڑی باریکی بینی سے کرکٹرز کی صلاحیتوں کو پرکھتے ہوئے انھیں خامیوں سے آگاہ کیا، ساتھ بہتری لانے کیلیے مفید مشورے بھی دیے۔
گزشتہ صبح کھلاڑیوں نے جم ٹریننگ اور مختلف ڈرلز کی مدد سے اپنی فٹنس بہتر بنانے کیلیے کام کیا، کرکٹرز کو ذہنی طور پر مضبوط بنانے کیلیے خصوصی لیکچر بھی دیا گیا، سہ پہر کو آل راؤنڈر عماد بٹ، اسپنر بلال آصف اور بیٹسمین امام الحق سمیت کھلاڑیوں نے انڈور سیشنز کیے،بولرز کی لائن ولینتھ اور نوبال کی بیماری پر قابو پانے پر خاص توجہ دی گئی، بیٹسمین اپنا فٹ ورک بہتر بنانے کیلیے کوشاں نظر آئے،موسم کی خرابی کے سبب مزید 1،2روز بھی کھلاڑیوں کو انڈور پریکٹس تک محدود رہنا پڑ سکتا ہے۔ فخرزمان، شاداب خان، حارث سہیل، رومان رئیس اور فہیم اشرف کو لاہور میں فاتح چیمپئنز ٹرافی اسکواڈ کے اعزاز میں ہونے والی تقریب کیلیے دوسرے سیشن سے رخصت دی گئی تھی،انھیں بدھ کو راولپنڈی میں اسی نوعیت کی ایک تقریب میں شرکت کیلیے جانا ہے جسکے بعد دوبارہ کیمپ جوائن کرلیں گے۔