ری پبلک آف پولینڈ کے صدر اندر زائج ڈوڈا نے پاکستان کے سینئر سفارتکار ڈاکٹر خالد حسین میمن کو دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے انکی گرانقدر خدمات پر اپنے ملک کے ایک سول اعلیٰ اعزاز سے نوازا ہے۔
ڈاکٹرخالدمیمن گزشتہ سال سے برما (میانمار) میں پاکستان کے سفیر ہیں، اس سے قبل وہ تین سال پولینڈ میں پاکستان کے سفیر بھی رہ چکے ہیں
سینئر سفارتکار ڈاکٹر خالد میمن کے لیے ’’کمانڈرز کراس آف آرڈر آف میرٹ‘‘ ایوارڈ کا اعلان اس ماہ کے آغاز پر پولینڈ کے یوم آئین کے موقع پر کیا گیا لیکن انہیں یہ ایوارڈ گزشتہ دنوں اسلام آباد میں پولینڈ کے سفیر پیٹر اوپالنیسکی نے ایک پروقار تقریب میں دیا۔
اس موقع پر جہاں پولش سفارتکاروں کے علاوہ وزارت خارجہ پاکستان کے ایڈیشنل سیکرٹری ظہیر جنجوعہ بھی موجود تھے، ڈاکٹرخالد میمن کی نمایاں سفارتی خدمات کو سراہا گیا۔ بعد ازاں روزنامہ جنگ سے فون پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد میمن نے یہ اعلیٰ ایوارڈ دینے پر پولینڈ کے صدر کا شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ پولینڈ میں پاکستان کے سفیر کی حیثیت سے ڈاکٹر خالد میمن نے اپنی مدت تعیناتی کے دوران دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے اور دونوں ملکوں کے مابین دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے نمایاں خدمات انجام دیں۔
دونوں ملکوں کے مابین حالیہ دفاعی معاہدے اور سفارتی پاسپورٹ پر ویزا کی استثنا کے لیے زیرغور معاہدے اور پاکستانی سفارتخانے کو اپارٹمنٹ سے ایک عمارت میں منتقل کرنے کا سہرا بھی خالد میمن کو جاتا ہے۔
انہوں نے پاکستان اور پولینڈ کی مختلف یونیورسٹیوں کے مابین بھی باہمی تعاون کے معاہدے کرائے ہیں۔