فلوریڈا: دنیا میں ایک شارک ایسی بھی ہے جس کی نقل و حرکت اور دیگر خبروں پر پوری دنیا کی نظریں ہیں۔ اس بالغ شارک کے 20 ہزار سے زائد ٹوئٹر فالوورز ہیں جو شارک کے متعلق پل پل کی خبریں معلوم کرتے رہتے ہیں۔
ہلٹن نامی اس گریٹ وائٹ شارک کا وزن 600 کلو گرام اور لمبائی ساڑھے بارہ فٹ ہے۔ 2017 میں اس کی نقل و حرکت نوٹ کرنے کے لیے اس پر ایک خاص ٹیگ لگایا گیا تھا جس میں حساس جی پی ایس نظام اور ٹرانسمیٹر موجود تھا۔ اب یہ سمندروں میں گھومتی ہے تو لوگ ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے اس کا درست مقام معلوم کرلیتے ہیں۔
گزشتہ ہفتے یہ خلیجِ میکسیکو میں فلوریڈا پین ہینڈل کے مقام پر موجود تھی۔ شارک پر تحقیق کرنے والے ایک ادارے اوشرچ نے اس پر ریڈیو ٹیگ لگایا ہے۔ مارچ 2017 میں یہ جنوبی کیرولائنا کے پاس موجود تھی اور اکثر بحر اٹلانٹک میں بھی دیکھی گئی ہے۔
یکم اپریل 2017 کو یہ اورلینڈو کے قریب دیکھی گئی تھی۔ اوشرچ سے وابستہ سینیئر سائنسداں رابرٹ ہوئیٹر کے مطابق ہلٹن ایک سال تک اٹلانٹک کے پانیوں میں موجود رہی، دس روز قبل اسے خلیجِ میکسیکو میں دیکھا گیا اور اب یہ فلوریڈا کی طرف بڑھ رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق شارک کے ٹوئٹر فالوورز میں اضافہ ہورہا ہے کیونکہ اس میں شارک کے تحفظ اور ان کے مسکن کے بارے میں شعور اور معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔