ممبئی: بھارتی اداکارہ سونم کپور نے جنگ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ بنیاد پرست ہندو ہیں، جو رام کے نام پر بم اور تباہ کاری چاہتے ہیں، ان بنیاد پرست ہندوؤں کی نفرت کی قیمت دونوں ممالک کے غریب اور عام لوگوں کو چکانی پڑے گی
تفصیلات کے مطابق جنگ کی مخالفت کرنے اور امن کا پیغام دینے پر انتہا پسند بھارتیوں نے بالی ووڈ اداکارہ سونم کپور کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے تیسرے درجے کی اداکارہ قرار دے دیا، پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے تناظر میں جہاں تمام بالی وڈ اداکاروں نے غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنگ کی حمایت کی وہیں اداکارہ سونم کپور نے جنگ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے عام لوگ بالکل ایک جیسے ہیں، کچھ بنیاد پرست ہندو ہیں جو رام کے نام پر بم اور تباہ کاری چاہتے ہیں، اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان بنیاد پرست ہندوؤں کی نفرت کی قیمت دونوں ممالک کے غریب اور عام لوگوں کو چکانی پڑے گی، سونم کپور کا پاکستانی اور بھارتی عوام کے حق میں دیا گیا یہ بیان انتہا پسند بھارتیوں کو پسند نہیں آیا، انہوں نے سونم کو شدید تنقید کا نشانہ بنا ڈالا اور تیسرے درجے کی اداکارہ قرار دے دیا، خیال رہے کہ مہیش بھٹ بھی جنگی جنون میں مبتلا بھارتی میڈیا کے نامناسب رویے پر بھڑک اُٹھے۔ مہیش بھٹ نے ٹوئٹر پر اپنے ہی میڈیا کے کردار کو مختصراً بیان کرنے کے لیے ایک تصویر پوسٹ کی جس میں تصویر کا ایک رخ دکھایا گیا کہ شیر ایک شخص پر حملہ آور ہے اور تماشائی اس منظر کو دلچسپی سے دیکھ کر لطف اندوز ہو رہے ہیں لیکن درحقیقت شیر جسم میں پیوست تیز دھار آلے کی وجہ سے غرا رہا ہے، انسان کو ہمیشہ سے ہی ظلم پسند رہا ہے۔ ماضی میں میدانوں میں گلیڈی ایٹر ایک دوسرے کو قتل کرتے تھے اور پورا تھیٹر جنونی لوگوں سے بھرا ہوتا تھا جہاں خون دیکھنے کے عادی لوگ ہوا کرتے تھے۔