اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کو سیلکٹ کرنے والوں کو جلد احساس ہو جائے گا کتنی بڑی غلطی کر بیٹھے۔
گورنر ہاؤس کی دیوار گرانے پر پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان حکومت کی سونامی سے ہر طرف تباہی آ رہی ہے، پہلے معیشت تباہ کی، اب قومی ورثے تباہ کر رہے ہیں، کیا بچگانہ سوچ ہے کہ دیوار گرا کر جنگلے لگائیں گے، سوچے سمجھے بغیر کیے جانے والے حکومتی فیصلوں سے خوف آ رہا ہے۔
خورشید شاہ نے کہا کہ تاریخی عمارتیں گرائی نہیں، محفوظ کی جاتی ہیں، اپنے کہے پر عمل کرنا ہوتا تو 100 دنوں میں وزیراعظم ہاؤس میں تعلیمی ادارہ ہوتا، یہ اپنے اعلانات کا مان رکھتے، وزیراعظم ہاؤس اور گورنر ہاؤس میں رہائش ہی نہ رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ دیواریں گرانے جیسے نمائشی اقدامات محض سستی شہرت ہیں، عمران خان کو احساس ہی نہیں کہ حکمرانی کتنی بڑی ذمہ داری ہے تاہم سیلکٹ کرنے والوں کو جلد احساس ہو جائے گا کتنی بڑی غلطی کر بیٹھے، عمران خان گرتی معیشت کو سنبھالیں، ورنہ ان کی حکومت نہیں سنبھلے گی۔