پولینڈ سے تعلق رکھنے والے دو افراد نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے نازی فوج کی سونے، ہیروں اور جواہرات سے لدی ٹرین کا سراغ لگا لیا ہے۔
وارسا: (ویب ڈیسک) غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پولش یونیورسٹی کی ریسرچ ٹیم نے کہا ہے کہ ابھی تک اس بات کا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا ہے کہ نازی دور کی سونے سے لدی ہوئی ٹرین پولینڈ میں تلاش کر لی گئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ والبرزچ میں زیرِ زمین ایک سرنگ تو ہو سکتی ہے لیکن وہاں کوئی ٹرین موجود نہیں ہے۔ مذکورہ علاقے کے ارضیاتی سروے سے کسی ٹرین کی موجودگی کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔واضع رہے کہ پولینڈ سے تعلق رکھنے والے دو شہریوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے پاس اس ٹرین کے موجودہ مقام کے بارے میں ثبوت موجود ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ٹرین کے مذکورہ مقام کا پتا اس وقت چلا جب اسے چھپانے کے عمل میں مبینہ طور پر شامل ایک شخص نے بسترِ مرگ پر اس کے بارے میں بتایا۔ یہ ٹرین پولینڈ کے شہر وارکلو کے قریب لاپتا ہوگئی تھی جس پر سوویت یونین کی فوج نے 1945ء میں قبضہ کر لیا تھا۔ اس ٹرین کے متعلق افواہ ہے کہ اس پر ٹنوں سونا، جواہرات اور بندوقیں لدی ہوئی تھیں۔