لاہور: قومی ہاکی ٹیم کے کوچ شہناز شیخ نے اپنی رپورٹ میں ورلڈ ہاکی لیگ میں ناکامی کی وجہ مالی مسائل کو قرار دے دیا۔
وزیر اعظم کی ہدایت پر ورلڈ ہاکی لیگ میں شرمناک شکست کی وجوہات جاننے کے لئے قائم کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے بعد شہناز شیخ نے کہا کہ ہاکی کے کھلاڑیوں کے پاس نا تو نوکری ہے اورنا ہی کوئی کنٹریکٹ، حب الوطنی کب تک کام آئے گی، کھلاڑی تو چیمپئنزٹرافی میں شرکت کے لئے بھی نہیں جا رہے تھے لیکن وہ ان کے احترام کو ملحوظ خاطررکھتے ہوئے چلے گئے۔
انہوں نے کہا کہ 6 ماہ پہلے کمیٹی بنادی جاتی تو یہ سونامی نہیں آتا، اگر ہاکی میں تبدیلی بھی لانا ہے تو وہ اتفاق رائے سے لائی جائے،چوہے بلی کا کھیل دوبارہ شروع ہوا تو ہاکی کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ اپنے استعفے سے متعلق ان کا کا کہنا تھا کہ ان کا پی ایچ ایف سے 2016 تک کا معاہدہ ہے اس لئے وہ اپنے عہدے سے استعفیٰ نہیں دے رہے۔
اس سے قبل شہناز شیخ نے کمیٹی کے روبرو اپنی رپورٹ پیش کی جس میں انہوں نے کہا ہے کہ اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ میں مقررہ وقت پر نہیں جاسکے، جس کی وجہ سے 5 میچز مس ہوئے، کھلاڑیوں کے مالی اورنفسیاتی مسائل نے کھیل پر منفی اثر ڈالا،کھلاڑیوں نے گول کرنے کے بہت مواقع ضائع کیے۔