لاہور: پاکستان میں کھیلوں کے شائقین کیلیے ایک اور خوشخبری آگئی ہے کرکٹ کے بعد ہاکی ورلڈ الیون بھی پاکستان آنے کے لیے تیار ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ذرائع نے تصدیق کی کہ نومبر میں ہاکی کی ورلڈ الیون پاکستان کا دورہ کرے گی جس میں اولمپکس، ورلڈ چیمپئن ٹیموں کے کھلاڑی بھی شامل ہوں گے۔ ورلڈ الیون لاہور اور کراچی میں ایک ایک میچ کھیلے گی۔ کرکٹ کی ورلڈ الیون آئندہ ماہ ستمبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔ امید ہے کہ عالمی ٹیموں کے دورہ سے دنیا میں پاکستان کا مثبت تاثر ابھرے گا اور کرکٹ، ہاکی کے علاوہ دیگر کھیلوں کی عالمی ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی۔ واضح رہے کہ 2009 میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے کے بعد پاکستان میں انٹرنیشنل کھیلوں کی سرگرمیاں ختم ہو کر رہ گئی تھیں، زمبابوے کرکٹ ٹیم کا دورہ اور بعد ازاں پاکستان سپر لیگ فائنل کے لاہور میں انعقاد سے انٹرنینشل کھیلوں کی بحالی کی جانب پہلا قدم اٹھایا گیا۔