نئے برس کی آمد کے موقع پر منفرد ماسک تیار کرتے ہیں اور سروں پر کہانیاں بیان کرتے ہوئے بڑے ہیٹ بھی سجاتے ہیں
دنیا بھر میں یکم جنوری سے شروع ہونے والی نئے سال کی تقریبات اختتام پذیر ہوچکی ہیں لیکن سوئٹزر لینڈ میں ایک بار پھر نئے سال کی تقریبات شروع ہوچکی ہیں اور یہ تقریبات جولین کیلنڈر کے نئے سال کی مناسبت سے منعقد ہو رہی ہیں۔ سوئٹزر لینڈ کے کئی علاقوں میں نئے سال کی خوشیاں دو بار منائی جاتی ہیں، ایک بار 31 دسمبر اور یکم جنوری کی درمیانی رات جبکہ دوسری بار جولیس سیزر کے رائج کئے گئے جولین کیلنڈر کے مطابق ماہ جنوری کی درمیانی تاریخوں میں نئے سال کی تقریبات منعقد کی جاتی ہیں ۔ رومن دور کا کیلنڈر عالمی طور پر تو منسوخ ہوچکا ہے لیکن سوئٹزر لینڈ کے کئی علاقوں کے لوگ آج بھی اس روایت کو سنبھالے ہوئے ہیں ۔ اس موقع پر شہری منفرد ماسک پہنے اور سروں پر کہانیاں بیان کرتے بڑے بڑے ہیٹ سجائے واک نکالتے ہیں۔