بارسلونا (یوسف چوہدری) دنیا بھر میں پاکستان عوامی تحریک کے ستائیسویں یوم تاسیس کے موقع پر بارسلونا سپین میں پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی آفس میں گزشتہ اتوار کو ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں منہاج القرآن اور عوامی تحریک سپین سے وابستہ تمام فورمز کے اراکین سمیت عوام الناس کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی ، مقررہ وقت پر تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کی سعادت یوسف چوہدری نے حاصل کی جبکہ نعت رسول مقبول ( ص) کی سعادت قدیر احمد خان نے حاصل کی ، تقریب میں اسٹیج سیکریٹری کے فرائض حافظ غلام مجتبی اندلسی جنرل سیکریٹری عوامی تحریک بادالونا نے سرانجام دیئے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منہاج یوتھ لیگ سپین کے صدر حسنات مصطفی نے پاکستان عوامی تحریک سپین کو اپنے قائدین کے تجربے سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے یورپ کی سربراہی کرنے کی تجویز پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ جو شعور ڈاکٹر صاحب نے قوم کو دیا ہے انشاء اللہ بہت جلد ملک پاکستان میں مصطفوی انقلاب کا سویرا طلوع ہوگا، صدر بادالونا (PAT) انصر اقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء کو 27 ویں یوم تاسیس کی مبارکباد پیش کی ، انہوں نے کہا کہ کوئی طاقت بھی ہمارے عزم کو ڈگمگا نہیں سکتی کیونکہ ہمارا قائد ہمارا فخر ہے اور یہ فخر تاقیامت قائم رہے گا ، صدر منہاج مصالحتی کونسل بادالونا عمیر ڈار نے اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ عوامی تحریک مذہب اور سیاست کو ساتھ لیکر حقیقی معنوں میں پاکستان کے محکوم طبقات کیلئے کوششیں کر رہی ہے اور انشاء اللہ ایک دن ضرور آئے گا جب پاکستان کے عوام کو اس کے حقوق ان کی دہلیز پر میسر ہوں گے ، نائب صدر پاکستان عوامی تحریک سپین چوہدری طارق مہدی نے اپنے خطاب میں تنیقیدی جائزہ لیتے ہوئے شرکاء کے دل کی بات کی جس پر ان کی تقریر کوخوب سراہا گیا انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس اتنا اچھا قائد ہونے کے باوجود ہم اپنے پیغام کو لوگوں تک نہیں پہنچا سکے جو کہ ہم کی ناکامی ہے اور آج ہمیں اپنی غلطیوں کا ازالہ کرتے ہوئے عہد کرنا چاہیے کہ پاکستان کی عوام کے حق کیلئے جو خواب ڈاکٹر صاحب نے دیکھا تھا ہمیں ان کی زندگی میں پورا کرنے کی کوشش کرنی چاہیے ،قدیر احمد خان نائب صدر منہاج القرآن بادالونا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حقیقی جمہوریت کیلئے قائد ڈاکٹر طاہر القادری کی عملی خدمات انسانیت کیلئے مشعل راہ ہیں ، انہوں نے کہا کہ آج تمام کارکنان کو اس بات کا عہد کرنا چاہیے کہ ہم اپنی عملی زندگی میں اس بات کو شامل کر لیں کہ ہم نےپاکستانی عوام کو ظالموں اور لٹیروں کے چنگل سے آزادی دلانا ہے ، راحیل اکرم ایڈووکیٹ جنرل سیکریٹری (PAT) سپین نے اپنے خطاب میں علامہ اقبال کے تصورات کا چناؤ کرتے ہوئے 27ویں یوم تاسیس کی تقریب میں تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز میں غربت ، بیروزگاری ، ناانصافی ، قتل وغارت ، تفرقہ بازی اور چور لیٹرے سیاستدانوں سمیت دیگر بے شمار برائیوں کی بھرمار ہے اور ایسے میں ڈاکٹر طاہر القادری ہی وہ واحد شخصیت ہیں جو اس دور میں پاکستانی قوم کو ان تمام برائیوں اور مسائل سے نجات دلا سکتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ آج اس عزم اور ارادے کو اور مظبوط کرلیں کہ تبدیلی آئے گی اور عوامی تحریک ہی لیکر آئے گی ، مرزا محمد اکرم بیگ صدر منہاج القرآن سپین نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں یقین ہونا چاہیے کہ انشاء اللہ پاکستان میں مصطفی انقلاب جلد آئے گا مگر ہم سب کو اپنا اپنا حصہ ضرور ڈالنا ہو گا کیونکہ یہ صرف عوامی تحریک کا ہی کام نہیں بلکہ اس تحریک سے وابستہ ہر فرد کا عزم ہونا چاہیے اور آج ہمیں اپنی اصلاح بھی ضرور کرنی ہو گی کہ اپنے بڑوں کی راہنمائی میں مل جل کر آگے بڑھیں اور قائد انقلاب کے مشن کو عوامی سطح تک پھیلانے میں اپنا کردار ادا کریں ، محمد اقبال چوہدری صدرپاکستان عوامی تحریک سپین و جنرل سیکریٹری یورپ نے تقریب میں خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی تقاریر پرمغز تھیں جن کو دیکھتے ہوئے میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ جتنے جاں نثار ساتھی ہمارے پاس ہیں کسی کے پاس نہیں ، ہرنیک کام کیلئے راستے میں تکالیف ضرور آتی ہیں ، ہمارے پیارے آقا حضور نبی کریم (ص) کیلئے بھی رکاوٹیں کھڑی کی گئیں مگر دنیا نے دیکھا کہ اللہ نے ان کی مدد فرمائی اور اسلام دنیا میں غالب آیا اس لیے میری آپ سے گزارش ہے کہ لٹیروں ، چوروں ، ڈاکوؤں ، ناانصافی ، بیروزگاری کے خلاف جو جنگ ڈاکٹر طاہر القادری نے شروع کی ہے انشاء اللہ اس کے نتیجے میں پاکستان میں سبز انقلاب کا سویرا ضرور طلوع ہو گا ، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئین میں عوامی حقوق کی آواز بھی سب سے پہلے ڈاکٹر صاحب نے اُٹھائی اور لوگوں کو بتایا کہ حقوق صرف مانگ کر نہیں چھین کر بھی لیے جاتے ہیں ، محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ آج کے دور میں قدریں اس قدر مٹ چکی ہیں کہ غیر محسوس اور غیر ارادی طور پر ہر گھر میں یہ بات عیاں ہو چکی ہے کہ اب بچے بھی ہر کام کابدلہ مانگتے ہیں کہ اگر ہم یہ کام کریں گے تو اس کے نتیجے میں انہیں کیاحاصل ہو گا اور اس میں سب سے زیادہ رول آج کے کرپٹ حکمرانوں کا ہے ، انہوں نے کہا کہ مقام شرم ہے کہ ملک میں ترقیاتی کاموں میں کمیشن پہلے طے کیا جاتا ہے جس میں ملک وقوم کے مفاد کی کوئی قیمت نہیں ، محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ یہ ہماری اجتماعی زمہ داری ہے کہ نبی کریم (ص) کی عملی زندگی کو اپناتے ہوئے ملک وقوم کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کریں کیونکہ اللہ تعالی کو ہماری خالی عبادات نہیں چاہیے ، عبادت کیلئے تو اس کے فرشتے ہی بہت ہیں ہمیں اس کے بنائے ہوئے انسانوں کے ساتھ صلہ رحمی کا درس بھی دیا گیا ہے جسے ہم نے بھلا دیا ہے اور اسی لیے عوامی تحریک اور منہاج القرآن کے جملہ فورمز نے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت نیں پاکستان میں حقیقی تبدیلی کی کاوشیں شروع کی ہیں اور عوام میں بیداری شعور کی تحریک کا آغاز کیا ہے ، انہوں نے لندن میں صادق خان کے مئیر بننے کے حوالے سے کہا کہ وہاں لوگوں کی سوچ کا معیار اس قدر بلند ہے کہ بغیر کسی کی قومیت اور مذہب کو دیکھنے کے وہاں کے لوگوں نے شرافت اور ایمانداری کو دیکھا ۔ اور انشاء اللہ بہت جلد پاکستان میں بھی حقیقی تبدیلی آئے گی ۔ بعد ازاں تقریب کے شرکاء نے کیک کا ٹا اور قاری عبدالرحمن نے ملک وقوم کی ترقی کیلئے دعا فرمائی ۔