ہالینڈ (پ۔ر) روحانی سلسلہ عظیمیہ کے نیٹ ورک مراقبہ ہال ہالینڈ کی بارہویں عظیم الشان سالانہ روحانی با برکت تقریب آل یورپ عظیمی مقابلہ حسن نعت 2016 کا انعقاد تزک و احتشام سے کیا گیا۔
اس تقریب کا آغاز تلاوت قرآن سے سید اعجاز حیدر بخاری نے اپنی دلنشین آواز میں کیاجبکہ صدرمحفل حاجی محمد جاوید عظیمی نگران مراقبہ ہال ہالینڈ نے استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس پلیٹ فارم سے فروغ نعت کے سلسلے میں اپنے ساتھیوں کے ہمراہ بارہ سال سے تسلسل کے ساتھ کاوشیں کی جارہی ہیں اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل و کرم سے کامیابیاں عطا کیں ہیں اللہ تعالیٰ اپنے محبوب مکرم کے صدقے سے ہماری ان کوششوں کو اپنی بارگاہ عالیہ میں شرف قبولیت عطا فرمائیں آمین ثمہ آمین۔
حاجی جاوید عظیمی نے اپنے خطاب کے دوران عظیمیہ روحانی لائبریری دی ہیگ کے قیام کا اعلان کرکے حاضرین کو سلسلے کے امام حضور قلندر بابا اولیائ اور مرشد کریم حضرت خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کی تالیفات کو زیر مطالعہ رکھنے پر زور دیا۔مذکورہ پروگرام کے دوران اعزازی مہمان کالم نگااور افکار تازہ کے مصنف عارف محمود کسانہ اور معروف صحافی راجہ فاروق حیدر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔اس سالانہ نعتیہ مقابلہ میں یورپ کے آٹھ ممالک اٹلی، فرانس، سوئزرلینڈ، آسٹریا، سویڈن، بلجیم، ڈنمارک اور ہالینڈسے نعت خواں حضرات نے حصہ لیا۔
سید علی جیلانی سوئزر لینڈ کی سربراہی میں سید اعجاز حیدر بخاری ڈنمارک اور محمد عبداللطیف چشتی بلجیم کے نتیجہ کے مطابق اول پوزیشن راجہ عمران اقبال ڈنمارک دوم پوزیشن شاہد خان سرور سویڈن اور سوم پوزیشن فارس ابراہیم ہالینڈ نے حاصل کی۔سفیر پاکستان معظم احمد خان نے پوزیشن حاصل کرنے والوں کو ٹرافیز پیش کیں اور اپنے خطاب میں کامیاب ہونے والے ثناء خوانان کو مبارکباد بھی دی جبکہ منظم اور کامیاب پروگرام کے انعقاد پر حاجی جاوید عظیمی اور انکی ٹیم کو صمیم قلب سے مبارکباد پیش کی۔
محترم سفیر نے مزید کہا کہ حضرت محمدرسول اللہ ۖ کا حجتہ الوداع پر آخری خطبہ ہم سب کے لئے مینارہ نور ہے آپ ۖ نے ارشاد فرمایا میں تمہارے درمیان اللہ کی کتاب اور اپنی سنت چھوڑے جا رہا ہوں تم سب اس سے رہنمائی حاصل کرتے رہنا۔پروگرام کے دوران خصوصی نعت وقاص ملک اور عارفانہ کلام میاں مظفر نے پیش کرکے حاضرین پر روحانی کیف طاری کردیاجبکہ حاجی جاوید عظیمی نے حاضرین محفل کو ذکر جہر اور گنبدے خضراء کا مراقبہ کرواکے ہال کی فضاء کو روحانیت سے معمور کردیا۔تقسیم انعامات کے موقعہ پر سفیر پاکستان معظم احمد خان نے مراقبہ ہال ہالینڈ کی جانب سے متذکرہ تقریب کی انتظامیہ معروف الیکٹرونک اور پرنٹ میڈیا کی شخصیات کو حسن کارکردگی کے ایورڈز بھی پیش کئے۔
تقریب کے دوران ایک موقعہ پر روحانی ڈائجسٹ اور گزشتہ محافل کی ڈی۔وی۔ڈی حاضرین میںمفت تقسیم کی گئیں۔ حضور نبی کریم ۖ کی شان اقدس میں درودوسلام کا نذرانہ نعت خواں حضرات اورحاضرین محفل نے ہم آواز ہو کر پیش کیا۔علامہ حسنات احمد بخاری بلجیم نے ختم شریف پڑھنے کی سعادت حاصل کی جبکہ اجتماعی دعا میں سلسلہ عظیمیہ کے امام حضور قلندر بابا اولیائ کے درجات میں بلندی ،مرشد کریم حضرت خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کی صحت والی طویل زندگی اور وطن عزیز پاکستان کی خوشحالی و سلامتی کے لئے سید علی جیلانی نے اللہ تعالیٰ کے حضور مناجات پیش کیں۔
پروگرام کے اختتام پر حاضرین کی تواضع لنگر محمد ی سے کی گئی۔