ہالینڈ (حاجی جاوید عظیمی) روحانی سلسلہ عظیمیہ کے نیٹ ورک مراقبہ ہال ہالینڈ کے زیر اہتمام حضرت بابا تاج الدین ناگپوری کا عرس مبارک انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد کیا گیا۔
اس پروقار تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے آصف جاوید کمالی نے کیا بعد ازاں معروف نعت خواں شہزاد علی خان نے نعت رسول مقبول پیش کرنے کی سعادت حاصل کی جبکہ عارفانہ کلام میاں مظفر حسین اور معروف شاعراحسان سہگل نے پیش کیا۔نگران مراقبہ ہال ہالینڈ حاجی محمد جاوید عظیمی نے صاحب عرس کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ آپ کی ولادت1861ء میں انڈیا کے شہر ناگپور میں ہوئی۔
آپ نجیب الطرفین سیدتھے ،بچپن سے ہی آپ کا میلان روحانیت کی جانب تھا اس سلسلے میں آپ اپنا زیادہ وقت بزرگان دین کے مزارات پر ہی گزراتے بابا جی کی خدمت میں دور دراز سے لوگ آتے اور اپنی حاجات پیش کرتے آپ اللہ تعالیٰ کے حضور انکے حق میں دعائیں کرتے اللہ تعالیٰ اپنے اس ولی کے وسیلے سے ان کی مشکلات دور فرما دیتے اس کی بدولت بابا جی عام لوگوں میں بے حد مقبول تھے اس وقت کے مہاراجہ بھی آپکے عقیدت مندوں میں شمار تھے۔
بابا جی گیارہویں اما م حسن عسکری کی اولاد میں سے ہیں اور بابا جی رشتے میں سلسلہ عظیمیہ کے امام حضور قلندر بابا اولیائ کے نانا ہیںبابا تاج الدین کا وصال 1925ء میں ہوا آپ کا مزار مبارک تاج آباد آج بھی مرجع خلائق ہے۔آصف جاوید کمالی نے بھی صاحب عرس کو اپنے مخصوص انداز میں محبت کے ساتھ زبردست خیراج عقیدت پیش کیا۔
حاجی جاوید عظیمی نے ذکر جہر اورگنبد خضراء کا مراقبہ بھی کروایادرود و سلام کے بعد اجتماعی دعا میں آصف جاوید کمالی نے پُر اثر دعا کی پروگرام کے اختتام پر حاضرین کی تواضع لنگر عظیمی سے کی گئی۔