لاہور: ٹرینوں کا شیڈول متاثر، موٹروے بھی کئی مقامات پر بند ہونے سے ٹریفک کا برا حال، حادثات میں 22 افراد زخمی ہوگئے
پنجاب کے بیشتر علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں آ گئے۔ ملک کے بڑے شہروں میں فلائٹ آپریشن معطل ہونے کی وجہ سے اندرون اور بیرون ملک متعدد پروازیں تاخیر کا شکار، ٹرینیں بھی منزل مقصود پر تاخیرسے پہنچنے لگیں۔ باغوں کے شہر لاہور اور مضافات کوصبح سویرے ہی شدید دھند نے اپنی آغوش میں لےلیا۔ شاہراہوں اور سڑکوں پر دھند کے باعث لوگوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا رہا۔ اہم شاہراؤں پر ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہوئی۔
ملک کے بڑے شہروں میں ائرپورٹ بند اور فلائٹ آپریشن معطل ہونے کی وجہ سے اندرون اور بیرون ملک متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔ دھند کے باعث ریلوے کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔ مختلف شہروں کو جانے والی ٹرینیں سست روی سے چل رہی ہیں۔ دھند کے باعث گاڑیاں کئی کئی گھنٹے تاخیر سے منزل مقصود پر پہنچ رہی ہیں، مسافر پلیٹ فارمز پر رل رہے ہیں۔ مختلف حادثات میں 22 افراد زخمی ہوگئے۔
دھند کے باعث موٹر وے پر بھی ٹریفک کے مسائل ہیں، حد نگاہ کم ہونے کے باعث موٹروے کو کئی مقامات سے بند کیا گیا۔ ترجمان موٹر وے کے مطابق گوجرہ سے فیصل آباد ایم فور موٹر وے بند رکھا گیا۔ کندیاں چشمہ اور گردونواح میں شدید دھند کی وجہ سے حد نظر صفر رہی۔ دھند چھٹتے ہی پشاور موٹروے پر ٹریفک کی روانی شروع ہوگئی۔ موٹروے کو دھند کے باعث صبح بند کر دیا گیا تھا۔ موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے آئندہ ہفتے سموگ بتدریج کم ہوکر ختم ہونے کا امکان ہے تاہم دھند کا سلسلہ جاری رہے گا۔