دنیا میں کوئی بھی شخص کامل نہیں ہوتا۔ ہر شخص میں کوئی نہ کوئی ظاہری یا اندرونی کمی موجود ہوتی ہے، لیکن کامیاب لوگ وہی ہوتے ہیں جو اپنی کمیوں پر قابو پا کر آگے بڑھتے ہیں اور اپنا مقصد حاصل کرلیتے ہیں۔
فلم انڈسٹری بھی ایسے افراد سے خالی نہیں۔ خوبصورت لوگوں کا شعبہ سمجھے جانے والے اس شعبہ میں بھی ایسے افراد موجود ہیں جن میں کوئی نہ جسمانی نقص یا کمی موجود ہے۔ لیکن یہ کمی ان کے عزم و حوصلے میں رکاوٹ نہیں بنی اور آج وہ اس انڈسٹری کی ایک نامور شخصیت تصور کیے جاتے ہیں۔
خطرناک بیماریوں میں مبتلا معروف پاکستانی شخصیات
آج ہم آپ کو ہالی ووڈ سے تعلق رکھنے والے ایسے ہی کچھ افراد کے بارے میں بتا رہے ہیں جن کے اندر کوئی نہ کوئی پیدائشی یا حادثاتی طور پر جسمانی نقص موجود ہے۔ ان میں سے کچھ افراد نے اپنے اس نقص کو کبھی چھپانے کی کوشش نہیں کی، لیکن جنہوں نے چھپانے کی کوشش کی وہ کیمرے کی تیز آنکھ سے بچ نہیں پائے۔
:میگن فوکس
فلم ٹراسفارمر کی اداکارہ میگن فوکس کے ہاتھ کے انگوٹھے ایک کمیاب بیماری کے باعث نقص کا شکار ہیں۔
میگن فوکس کے دونوں انگوٹھے چھوٹے جبکہ ان کا ناخن غیر معمولی طور پر بڑا ہے۔ البتہ ان کا یہ انگوٹھا ناکارہ نہیں اور بالکل فعال ہے۔
:ڈینزل واشنگٹن
سیاہ فام اداکار ڈینزل واشنگٹن اپنی پرفیکٹ اداکاری کے لیے نہایت مشہور ہیں۔ بچپن میں باسکٹ بال کھیلتے ہوئے وہ اپنے ایک ہاتھ کی سب سے چھوٹی انگلی تڑوا بیٹھے جو کبھی درست نہ ہوسکی۔
ان کی یہ انگلی دیگر انگلیوں سے بالکل الگ اور بہت واضح نظر آتی ہے جسے انہوں نے چھپانے کی کبھی کوشش بھی نہیں کی۔
:کیٹ بوسورتھ
آسکر ایوارڈ یافتہ فلم اسٹل ایلس میں معاون اداکارہ کے طور پر اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکرہ کیٹ بوسورتھ کی ایک آنکھ نیلی جبکہ دوسری بھورے رنگ کی ہے۔
:ونس واگ
فلم مسٹر اینڈ مسز اسمتھ میں اداکار بریڈ پٹ کے دوست کا کردار ادا کرنے والے ونس واگ ایک کار حادثے میں اپنے ایک ہاتھ کے انگوٹھے کو نقصان پہنچا چکے ہیں جو آج تک اسی حالت میں موجود ہے۔
وہ اکثر و بیشتر اپنے اس نقص زدہ انگوٹھے کا مذاق اڑاتے نظر آتے ہیں۔
:جینیفر گارنر
امریکی اداکارہ اور پروڈیوسر جینیفر گارنر ہڈیوں کی ایک بیماری کا شکار ہیں جس میں ہڈیاں چھوٹی بڑی ہوجاتی ہیں۔ اس مرض کی وجہ سے ان کے پاؤں کی انگلیاں نہایت بدنما نظر آتی ہیں تاہم اس سے ان کی خوبصورت شخصیت پر کوئی خاص فرق نہیں پڑتا۔
:ایشٹن کچر
ایپل کے خالق اسٹیو جابز پر بننے والی فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکر ایشٹن کچر کی پاؤں کی دو انگلیاں آپس میں جڑی ہوئی ہیں۔
ان کا یہ نقص زیادہ واضح تو نہیں ہوتا، تاہم کاملیت پسند ایشٹن کو اپنا یہ نقص سخت ناپسند ہے اور وہ کسی طرح اس سے چھٹکارہ چاہتے ہیں۔
:ڈیرل ہنا
نوے کی دہائی کی امریکی اداکارہ ڈیرل ہنا کی شہادت کی انگلی نصف ہے۔ بچپن میں ان کی انگلی پانی کھینچنے والی چرخی میں آکر کٹ چکی ہے۔