لاہور : وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن الیکشن ٹریبونلز کے فیصلوں کے بعد عدالتوں میں نہیں بلکہ عوام میں جائے گی۔ شیخ رشید انتخابات میں حصہ لیں تو اُن کا زرضمانت بھی ضبط ہو جائے گا جبکہ جہانگیر ترین کا تو جہاز بھی بک جائے گا۔
اُنہوں نے کہا کہ خورشید شاہ کا حق ہے کہ وہ خود کو لاحق خدشات کو سامنے لائیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی آج الیکشن کمیشن کے اراکین پر عدم اعتماد کا اظہار کر رہی ہے اِنہی کے زیرانتظام اُنہوں نے کے پی کے میں بلدیاتی انتخابات کرائے اور ضمنی انتخابات میں حصہ لیا۔
امید ہے تحریک انصاف دوبارہ دھرنے کی غلطی نہیں کرے گی کیونکہ ابھی تو انہوں نے پہلے بل کلئیر نہیں کروائے۔ ایک سوال پر اُنہوں نے کہا کہ اسکاٹ لینڈ یارڈ کو بعض زیرحراست افراد تک رسائی دی گئی ہے۔
اُنہوں نے پی ٹی آئی کو دھرنوں سے اجتناب برتنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر شیخ رشید انتخابات میں حصہ لینا چاہیں تو اُن کا زرضمانت میں جمع کراوں گا۔ اُن کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت پر حکومت کو شدید تشویش ہے جس پر مناسب ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔