ممبئی (ویب ڈیسک ) بالی ووڈ کی اداکارہ سارا علی خان کی ایک تصویر نے سوشل میڈ یا پر تہلکہ مچا دیا جسے دیکھ کر چہ میگوئیاں شروع ہو گئی ہیں کہ اداکارہ نے اپنی والدہ امریتا سنگھ کا گھر چھوڑ دیا ہے ۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سارہ علی خان کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں انہیں گاڑی میں گھر کا سامان رکھتے دیکھا جا سکتا ہے جب کہ تصویر میں یہ بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ صحافی کے اچانک تصویر بنانے پر سارہ مضطرب نظر آرہی ہیں اور تصویر بنانے سے منع کر رہی ہیں ۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ سارہ گھر چھوڑ کر والد سیف علی خان کے گھر کے بجائے اپنے ذاتی گھر میں منتقل ہو گئی ہیں جس کی حتمی طور پر کوئی وجہ سامنے نہیں آئی ۔ واضح رہے کہ ایک اور خبر کے مطابق بالی ووڈ کی خوبرو اداکارہ عالیہ بھٹ اور اداکار رنبیر کپور اپنے قریبی تعلقات کے حوالے سے زیادہ گفتگو نہیں کرتے لیکن پھر بھی ان کے معاشقے کے چرچے زبان زد عام ہیں ۔ عالیہ بھٹ اس وقت اپنی نئی فلم ’گلی بوائے‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں ، جس میں وہ رنویر سنگھ کے ساتھ مرکزی کردار نبھا رہی ہیں ۔بھارتی نیوز ویب سائٹ دکن کرونیکل کی رپورٹ کے مطابق فلم کی تشہیر کے دوران ایک انٹرویو میں عالیہ بھٹ نے رنبیر اور ان کے اہلخانہ کے حوالے سے دلچسپ گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اُن لوگوں کی کمپنی بہت انجوائے کرتی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ رنبیر کی والدہ نیتو سنگھ ایک دوست کی طرح ہیں جبکہ رشی کپور کا اپنا ایک دلچسپ انداز ہے ، جو بہت محظوظ کرتا ہے ۔جب عالیہ سے رنبیر کپور کے حوالے سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ’میں نے رنبیر جیسا بہترین اور حقیقی اداکار نہیں دیکھا ، یہ میں اس لیے نہیں کہہ رہی کیونکہ مجھے وہ پسند ہیں بلکہ ان کی شخصیت اور اداکاری سے ہر کوئی ہی متاثر ہے‘۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’وہ بہت نرم مزاج اور بے فکر رہتے ہیں ، لیکن جب سیٹ پر ہوتے ہیں تو ان کی تمام تر توجہ کام پر ہوتی ہے اور اس کے علاوہ وہ کہیں اور دھیان نہیں دیتے‘۔عالیہ کا کہنا تھا کہ ’مجھے عام طور پر اپنے ڈائیلاگز جلدی یاد ہوجاتے ہیں اور میں پرفارمنس دیتے ہوئے اپنی لائنز نہیں بھولتی لیکن جب میں رنبیر کو دیکھتی ہوں تو اُس وقت میں اپنے ڈائیلاگز بھول جاتی ہوں کیونکہ رنبیر جب بھی کوئی تاثر دیتے ہیں تو میں انہیں دیکھتی رہ جاتی ہوں ، ان کی آنکھوں میں بہت سچائی اور سادگی ہے‘۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس ایک انٹرویو کے دوران رنبیر کپور نے اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ وہ عالیہ بھٹ کی حقیقی زندگی اور اداکاری کے بے انتہا دیوانے ہیں ۔رپورٹس کے مطابق رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کے درمیان قربتیں ایان مکھرجی کی فلم ’برہماسترا‘ کی شوٹنگ کے دوران بڑھیں اور رنبیر نے عالیہ بھٹ سے اپنے دل کی بات کی جسے اداکارہ نے قبول کرلیا ۔ دوسری جانب عالیہ کے والد اور ہدایت کار مہیش بھٹ نے بھی اس بات کا انکشاف کیا تھا کہ ان کی صاحبزادی اور رنبیر کپور کے درمیان محبت کا رشتہ ہے ۔برطانوی جریدے ٹیلی گراف کو انٹرویو دیتے ہوئے مہیش بھٹ نے کہا تھا ، ‘عالیہ اور رنبیر ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں اور اس کو سمجھنے کے لیے کسی ذہانت کی ضرورت نہیں’ ۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا ، ‘مجھے رنبیر پسند ہے ، وہ ایک بہت اچھا لڑکا ہے ، وہ اپنے رشتے کو کیسے آگے بڑھاتا ہے ، یہ ان پر منحصر ہے ، وہ سمجھدار ہے’۔