نئے مالی سال میں فلیٹ، مکان اور دکان کی قیمتیں کم ہو سکتی ہیں ، حکومت نے بلڈرز پر نئی پراپرٹی کی فروخت پر مختلف ٹیکس وصول کرنے کی بجائے فکسڈ ٹیکس عائد کر دیا ہے
کراچی (یس اُردو) حکومت نے بجٹ 17-2016 میں بلڈرز سے ٹیکس وصولی کے نظام میں تبدیلی کی تجویز دے دی ہے ۔ کیونکہ حکومت نے بلڈرز پر نئی پراپرٹی کی فروخت پر مختلف ٹیکس وصول کرنے کی بجائے فکسڈ ٹیکس عائد کر دیا ہے۔کراچی ، لاہور اور اسلام آباد میں ریزی ڈینشنل پراپرٹی کی فروخت پر بلڈرز سے کچھ اس طرح سے ٹیکس وصول کیا جائے گا ۔ 750 اسکوائر فٹ پر 15 ہزار روپے ، 1500 اسکوائر فٹ پر 60 ہزار روپے، 1500 اسکوائر فٹ سے زائد پر 1 لاکھ 5 ہزار 70 روپے ٹیکس وصول کیا جائے گا ۔
دوسری جانب کمرشل پراپرٹی کی فروخت پر 210 روپے فی اسکوائر فٹ کے حساب سے فیکسڈ ٹیکس وصول کیے جانے کی تجویز ہے ۔چیئرمین حنیف گوہر کے مطابق حکومت کی جانب سے لیے گئے اس اقدام سے پراپرٹی کی قیمتوں میں کمی واقع ہونے کے امکانات ہیں جس سے براہ راست عوام کو ریلیف ملے گا ۔