سعودی عرب کے شہر دمام میں پھنسے پاکستانیوں کی زندگی بد سے بدتر ہو گئی، کھانے پینے کی اشیاء اور ادویات ختم ہو گئیں، گھروں میں بھی فاقے ہونے لگے، متاثرین کا حکومت پاکستان سے ایک ہی مطالبہ ہے کہ ان کی وطن واپسی کیلئے اقدامات کئے جائیں۔
دمام: (یس اُردو) عید اپنوں کے ساتھ کیسے منائیں، سعودی عرب کے شہر دمام میں پھنسے پاکستانی بے بسی کی تصویر بن گئے۔ زندگی ہے کہ بد سے بدتر ہوتی جا رہی ہے۔ اب تو نوبت فاقوں تک پہنچ گئی ہے۔ متاثرین بھوک سے بچ گئے تو بیماری ان کی جان لے گی۔ پاکستانی سفارتخانہ بھی مدد کو تیار نہیں۔دمام میں پھنسے پاکستانیوں کے گھروں میں بھی فاقے ہونے لگے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بچوں کے پاس دو وقت کی روٹی نہیں، وہ کیا کریں۔ متاثرین کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں اور وہ مدد کو پکار رہے ہیں۔ دمام میں پھنسے پاکستانیوں اور دیگر ممالک کے ملازمین کی آواز دنیا نیوز نے سب سے پہلے اٹھائی، جس کی دیکھا دیکھی دیگر ممالک کا میڈیا بھی میدان میں آ گیا ہے۔بے بس اور لاچار پاکستانیوں کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ ان کی گھروں کو واپسی یقینی بنائی جائے تاکہ وہ عید اپنے پیاروں کے ساتھ کر سکیں۔