counter easy hit

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ ملک دشمن کیسے ہو سکتے ہیں جبکہ ۔۔۔

How can Justice Qazi Faces be the enemy of the country while ...

لاہور (ویب ڈیسک) سکندر اعظم 330 قبل مسیح میں افغانستان میں داخل ہوا‘ یہ چلتا چلتا ایک وادی میں پہنچااور انگوروں کے باغوں‘ تربوز کے کھیتوں اور میلوں تک پھیلے سیب کے درختوں نے اس کے قدم جکڑ لیے‘ وہ وادی میں رک گیا اور اس نے الیگزینڈریا کے نام سے وہاں شہر کی بنیاد رکھ دی‘ نامور کالم نگار جاوید چوہدری اپنے ایک کالم میں لکھتے ہیں ۔۔۔۔۔۔یہ سکندر اعظم کے نام سے بننے والا دنیا میں پہلا شہر تھا۔مصر کاالیگزینڈریا افغانستان کے الیگزینڈریا کے بعد آباد ہوا‘ افغانستان کاالیگزینڈریا وقت کے ہاتھوں بنتا‘ سنورتا اور اجڑتا ہوا قندہار ہو گیا‘ یہ شہر دو ہزار تین سو سال تک دنیا کی عظیم گزر گاہ رہا‘ یہ یورپ اور چین کے درمیان بھی رابطہ تھا اور یہ سینٹرل ایشیا کا ہندوستان کے ساتھ تعلق بھی تھا‘ہندوستان پر حملہ کرنے والا ہر طالع آزما پہلے قندہار پر قبضہ کرتا تھا اور اس کے بعد ہندوستان کی طرف مارچ کرتا تھا‘ نادر شاہ درانی کے صاحبزادے احمد شاہ درانی نے قندہار کو افغانستان کا دارالحکومت بنا دیا۔انگریز نے 1880 میں جنرل سر فریڈرک رابرٹ کی کمان میں قندہار پر قبضہ کیا‘ یہ جنگ سیکنڈ افغان وار کہلاتی ہے‘ انگریزوں کے قبضے کے بعد قندہار کے تمام معزز خاندان بلوچستان ہجرت کر آئے‘ ان خاندانوں میں قندہار کے چیف جسٹس قاضی جلال الدین بھی شامل تھے‘ یہ سنی ہزارہ تھے اور علاقے کی معزز ترین شخصیت تھے‘ خان آف قلات نے انھیں پناہ دے دی اور یہ اپنے خاندان کے ساتھ پشین میں آباد ہو گئے‘ وہ تعلیم کو بہت اہمیت دیتے تھے‘ اللہ تعالیٰ نے انھیں 1914ء میں اولاد نرینہ سے نوازا‘ نومولود کا نام قاضی عیسیٰ رکھا گیا۔ قاضی عیسیٰ نے دینی علم بھی حاصل کیا اور انگریزی تعلیم بھی‘ یہ بلوچستان کے ان ابتدائی نوجوانوں میں شامل تھے جو اعلیٰ تعلیم کے لیے لندن گئے‘ قاضی عیسیٰ نے لندن سے بار ایٹ لاء کیا‘ 1939میں واپس آئے اور قائداعظم سے ملاقات کے لیے کوئٹہ سے ممبئی چلے گئے‘ وہ قائد سے بے انتہا متاثر تھے‘ قائد بھی ان سے مل کر ان کی صلاحیتوں سے متاثر ہوگئے چنانچہ انھوں نے قاضی عیسیٰ کو نہ صرف آل انڈیا مسلم لیگ میں شامل کر لیا بلکہ انھیں پارٹی کی ورکنگ کمیٹی کا ممبر بھی بنا دیا‘ وہ ورکنگ کمیٹی کے نوجوان ترین رکن تھے‘ قاضی عیسیٰ نے بعد ازاں اپنی زندگی قائداعظم اور تحریک پاکستان کے لیے وقف کر دی‘ آپ نے 1940 میں آل انڈیا مسلم لیگ بلوچستان بنائی‘ یہ موجودہ پاکستان کی پہلی مسلم سیاسی جماعت تھی۔ قاضی عیسیٰ 23 مارچ 1940 کولاہور میں قرارداد پاکستان کے جلسے میں بھی شریک ہوئے ‘ آپ نے بلوچستان کی نمایندگی بھی کی اور قرارداد کی دستاویز بھی تیار کیں‘ یہ قلات کے وزیراعظم بھی رہے‘ آپ نے 1940 سے 1947 کے درمیان پاکستان کا ووٹ مانگنے کے لیے تین لاکھ میل سفر کیا‘ یہ تحریک پاکستان کے دوران اتنا سفر کرنے والے واحد مسلم لیگی رہنما تھے‘ قاضی صاحب 1976 تک حیات رہے‘ یہ اس دوران پاکستان کے لیے ہی جیتے اور پاکستان ہی کے لیے مرتے رہے‘ ان کی نسل سے دو لوگوں نے بعد ازاں بہت شہرت حاصل کی‘ پہلی شخصیت اشرف جہانگیر قاضی ہیں‘ یہ قاضی عیسیٰ کے بھانجے ہیں‘ پاکستان کے نامور سفارت کار رہے ہیں‘ امریکا میں بھی سفیر رہے اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کے خصوصی نمایندے بھی‘یہ شام‘مشرقی جرمنی‘ چائنہ اور روس میں بھی پاکستان کے سفیر رہے‘ قاضی خاندان کے دوسرے سپوت قاضی فائز عیسیٰ ہیں‘یہ قاضی عیسیٰ کے فرزند ہیں۔ قاضی فائز عیسیٰ نے کراچی گرائمر اسکول سے تعلیم حاصل کی‘ لندن سے قانون میں بی اے آنرز اور بار ایٹ لاء کیا‘ لندن میں پریکٹس شروع کی اور اپنی قانون فہمی سے گوروں کو حیران کر دیا‘ یہ 1982میں پاکستان واپس آئے اور بلوچستان میں پریکٹس شروع کر دی‘ یہ ملک کی چاروں ہائی کورٹس بارز کے ممبر بھی رہے اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے لائف ممبر بھی بنے‘ یہ دیکھتے ہی دیکھتے ملک کے پانچ بڑے وکلاء میں شمار ہونے لگے‘ ملک کی لیڈنگ لاء فرمزکے سربراہ اور پارٹنر رہے اور اربوں روپے کمائے‘ یہ 2009 تک ملک میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے اور سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے وکلاء میں شامل تھے‘ یہ عدالت میں کھڑے ہوتے تھے تو نوجوان وکلاء ان کا ایک ایک لفظ نوٹ کرتے تھے۔ ججز بھی قلم دانتوں میں دبا کر ان کی گفتگو سنتے تھے‘ عدالتیں انھیں پیچیدہ مقدمات میں عدالتی معاون بھی بناتی تھیں اور یہ عالمی عدالتوں میں بھی مقدمے لڑتے تھے‘ ان کے بے شمار مقدمات اور دلائل انٹرنیشنل لاء جنرلز میں شایع ہوئے اور دنیا کے نامور وکلاء نے اپنے دلائل میں کوٹ کیے‘ یہ نیشنل جوڈیشل کمیٹی کا حصہ بھی رہے اور یہ فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی میں بھی لیکچر دیتے رہے‘ یہ پاکستان کی تاریخ کے پہلے وکیل تھے۔جنھیں 2009میں ہائیکورٹ کا جج بنایا گیا اور پہلے ہی دن ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی کرسی پر بٹھا دیا گیا‘ یہ پاکستان کے ساتھ ساتھ پوری دنیا میں اس نوعیت کا انوکھا واقعہ تھا‘ یہ کیونکہ سیرچشم‘ خاندانی اور نسلوں سے رئیس انسان ہیں چنانچہ یہ بلوچستان میں بلاخوف و خطر فیصلے کرتے چلے گئے‘ یہ فیصلہ کرتے اور لکھتے وقت دبتے نہیں تھے‘ یہ کسی سے متاثر بھی نہیں ہوتے تھے لہٰذا ان کا دور بلوچستان ہائی کورٹ کے سنہرے ترین ادوار میں شامل تھا۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے بلوچستان میں تاریخی فیصلے کیے‘ یہ ستمبر 2014 میں سپریم کورٹ کے جج بنا دیے گئے‘ چیف جسٹس ثاقب نثار ان سے خوش نہیں تھے چنانچہ وہ قاضی فائز عیسیٰ کو اہم کیس نہیں دیتے تھے‘ یہ ان کے دور میں بڑی حد تک کارنر بھی رہے اور یہ کسی اہم بینچ کے سربراہ بھی نہیں بنائے گئے لیکن یہ اس کے باوجود سپریم کورٹ کے معزز ترین جج رہے‘ یہ ملک کے ان چند ججوں میں شامل ہیں جو سماعت کے دوران اپنی غلطی بھی تسلیم کرتے ہیں۔وکلاء کو یہ بھی بتاتے ہیں ’’یہ میرا اس نوعیت کا پہلا کیس ہے‘ میں آپ سے سیکھنا چاہتا ہوں‘ آپ لاء کوٹ کریں‘‘ جو سینئر اور جونیئر تمام وکلاء کو عزت بھی دیتے ہیں‘ جوپوری توجہ سے ان کی بات بھی سنتے ہیں اورجو صبح ساڑھے نو بجے سے ڈیڑھ بجے تک پوری توانائی کے ساتھ تمام مقدمات بھی سنتے ہیں‘جو کسی جج‘ کسی وکیل کو آج تک سست پڑتے‘ اونگھتے یا بور ہوتے نظر نہیں آئے‘ جو بری سے بری صورت حال میں بھی شائستگی کو ہاتھ سے نہیں جانے دیتے‘جو انگریزی‘ اردو اور بلوچی تینوں زبانوں کے ماہر ہیں‘جو سندھی‘ پشتو اور پنجابی بھی سمجھ لیتے ہیں اورجو باڈی لینگویج کے ایکسپرٹ بھی ہیں۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی آنکھیں بہت تیز ہیں‘ آپ زیادہ دیر تک ان کی آنکھوں کا مقابلہ نہیں کر سکتے‘ یہ بے انتہا ایماندار‘ بے لچک اور بے خوف بھی ہیں‘ آپ ان کا کوئی فیصلہ اٹھا کر دیکھ لیں آپ کو ان کے ایک ایک لفظ میں بے خوفی اور سادگی ملے گی۔ قاضی فائز عیسیٰ خاندانی رئیس ہیں‘ اربوں روپے کی جائیداد اور زمینوں کے مالک ہیں‘ پریکٹس سے بھی اربوں روپے کمائے اور اندر سے بھی مطمئن اور صابر انسان ہیں چنانچہ جب صدر عارف علوی نے ان کے خلاف ریفرنس کی دستاویز پر دستخط کیے تو پورے ملک کی قانونی برادری میں سراسیمگی پھیل گئی‘ ایڈیشنل اٹارنی جنرل زاہد فخرالدین نے 29مئی کو بطور احتجاج استعفیٰ دے دیا اور ٹیلی ویژن چینلز نے دھڑا دھڑ خبریں دینا شروع کر دیں‘ سوشل میڈیاپر بھی ڈس انفارمیشن کا سیلاب آ گیا‘ ملک دشمن عناصر ایکٹو ہوئے اور یہ ریفرنس کو فیض آباد دھرنے کے فیصلے سے نتھی کرنے لگے۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے 6 فروری 2019 کو فیض آباد دھرنے کے خلاف تفصیلی فیصلہ جاری کیا تھا‘فیصلے میں کہا گیاتھا حکومت یا حکومتی ادارے قانون سب پر لاگو ہوتا ہے‘ املاک کو نقصان پہنچانے والوں کو سزا دی جائے‘منافرت کا فتویٰ دینے والوں پر انسداد دہشت گردی کی کارروائی کی جائے‘ سوشل میڈیا پر اس فیصلے کو مذہبی رنگ دینے کی کوشش بھی کی گئی اور اسے ملک دشمنی بھی قرار دیا گیا لیکن پروپیگنڈا کرنے والے لوگ یہ بھول گئے قاضی فائز عیسیٰ بے شک ہزارہ کمیونٹی سے تعلق رکھتے ہیں لیکن یہ سنی ہزارہ ہیں۔ یہ لوگ ہزارہ کے شیخ علی قبیلے سے تعلق رکھتے ہیں اور یہ قبیلہ اتنا ہی سنی ہے جتنا پیر افضل قادری ہیں‘ دوسرا آل انڈیا مسلم لیگ بلوچستان کے بانی اور لوگوں کو ’’پاکستان کو ووٹ دو‘‘ کی ترغیب دینے کے لیے تین لاکھ میل کا سفر کرنے والے قاضی عیسیٰ کے صاحبزادے ملک دشمن کیسے ہو سکتے ہیں؟ حکومت نے 1990میں قاضی فائز عیسیٰ کے والد کے نام پر ڈاک ٹکٹ بھی جاری کیا تھا اور وہ ہماری تاریخ کے عظیم مشاہیر میں بھی شمار ہوتے تھے چنانچہ ہم اگر قاضی عیسیٰ کے صاحبزادے کو ملک دشمن کاٹائٹل دے سکتے ہیں تو پھر اس ملک میں کوئی شخص محب وطن نہیں ہو سکتا‘ یہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ جیسے شخص کے ساتھ زیادتی تھی اور یہ ہمیشہ زیادتی رہے گی۔ سپریم جوڈیشل کونسل میں 14 جون کو جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس کی پہلی سماعت ہو گی‘ یہ کیس کس کروٹ بیٹھتا ہے ہم سردست کچھ نہیں کہہ سکتے لیکن یہ طے ہے حکومت یہ ریفرنس لانچ کر کے تاریخی غلطی کر بیٹھی ہے‘ وکلاء سے لڑائی ڈیم کے سپل وے پر نہانے کی کوشش ہے لہٰذا سپل وے کھلنے کی دیر ہے اور یہ پوری حکومت تتر بتر ہو جائے گی‘ کالے کوٹ وہ طاقت ہیں جن کا مقابلہ جنرل پرویز مشرف یونیفارم میں بھی نہیں کر سکا تھا جب کہ یہ حکومت صابن کے بلبلے پر کھڑی ہے‘ یہ کتنی دیروکلاء کا مقابلہ کر لے گی۔ ہماری تاریخ بتاتی ہے ملک میں آج تک جس نے بھی مدرسوں اور وکیلوں سے چھیڑ چھاڑ کی وہ پھر اس کے بعد ایوان اقتدار میں نظر نہیں آیا چنانچہ مجھے محسوس ہوتا ہے حکومت اپنی اوقات سے بڑی غلطی کر بیٹھی ہے اور اگر حکومت نے اس غلطی پر یوٹرن نہ لیا تو یہ قدم اس کی آخری غلطی ثابت ہو گا‘ یہ لوگ اس کے بعد مزید کوئی غلطی نہیں کر سکیں گے‘ یہ ختم شد ثابت ہو جائیں گے۔

About MH Kazmi

Journalism is not something we are earning, it is the treasure that we have to save for our generations. Strong believer of constructive role of Journalism in future world. for comments and News yesurdu@gmail.com 03128594276

Connect

Follow on Twitter Connect on Facebook View all Posts Visit Website