پاکستانی کی خوبصورت اور کامیاب اداکارہ ماہرہ خان اس سال بھی لگاتار تیسری مرتبہ فلم فیسٹیول کا حصہ بن رہی ہیں، لیکن حیرانی کی بات یہ ہے کہ وہ اپنے مصروف شیڈول میں یہ سب کیسے سنبھالتی ہیں۔
ماہرہ خان صرف ایک کامیاب اداکارہ ہی نہیں بلکہ ان کا 8 سالہ بیٹا ازلان بھی ہے جس کی ذمہ داری اداکارہ بخوبی نبھاتی نظر آتی ہیں۔
نیویارک میں منعقد پاکستان فلم فیسٹیول میں ماہرہ خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں ورکنگ موم یعنی گھر سے باہر کام کرنے والی ماں ہوکر انہوں نے کیسے گزارا کیا۔
ماہرہ خان نے بتایا کہ وہ اپنی پہلی فلم بول‘ کے سیٹ پر بھی اپنے بیٹے کا خیال رکھتی تھی اور سب انہیں دیکھ کر کافی حیران ہوتے تھے۔
https://instagram.com/p/BlAFzWAn2i5/?utm_source=ig_embed
اداکارہ کے مطابق ’9 سال قبل بھی میں اپنے کام کے ساتھ ازلان کا خیال رکھ رہی تھی اور فلم بول کے سیٹس پر سب مجھے دیکھ کر بہت حیران ہوتے تھے، وہ وقت آج کے حساب سے بہت الگ تھا، ایک ورکنگ موم ہونا اس وقت آسان نہیں تھا، خاص کر تب جب آپ کی گودھ میں ایک چھوٹا بچہ ہو‘۔
https://www.instagram.com/p/BMvvnV3gAcv/?utm_source=ig_embed
تاہم ماہرہ نے ماں اور اولاد کے رشتے کی خوبصورتی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میرے خیال سے اب تک کی سب سے بہترین بات جو اس حوالے سے کہی گئی وہ یہ کہ دراصل ایک بچہ ماں کو جنم دیتا ہے، کیوں کہ اس کے دنیا میں آنے کے بعد آپ کی شخصیت بدل جاتی ہے، یہ مشکل ہے آسان نہیں ہے‘۔
تاہم ماہرہ خان نے یہ بھی بتایا کہ جہاں ماں کے لیے بچے کی تربیت مشکل ہے، وہیں اس موقع پر انہیں لوگوں نے بےحد سپورٹ کیا۔
https://instagram.com/p/BJYWeitAb3A/?utm_source=ig_embed
اداکارہ کے مطابق ’مجھے نہیں لگتا میں تمام تر مشکلات کا سامنا کر پاتی اگر مجھے ازلان کے والد اور میرے والدین کا سپورٹ نہ ملتا، ساتھ مل کر ہم سب سے ہر مسائل کو آسانی مین بدل دیا اور ازلان کی تربیت مل کر کی‘۔
تاہم اداکارہ کا یہ بھی ماننا تھا کہ جس طرح خواتین سے ان کی فیملی اور بچوں پر سوالات کیے جاتے ہیں، اس ہی طرح مردوں سے بھی ایسے سوالات کرنے چاہیے۔
ماہرہ خان نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے اپنے اور ازلان کے وقت کے لیے بہت سے اچھے پروجیکٹس کا حصہ بننے سے انکار کیا۔
https://instagram.com/p/BZEb98pleAN/?utm_source=ig_embed
ماہرہ کا کہنا تھا کہ ’مشکل ہوتا ہے اچھے پروجیکٹس میں کام سے انکار کرنا، لیکن میری ایک ذاتی زندگی بھی ہے، میرے پاس ازلان ہے اور اس وقت اسے میری ضرورت ہے، اس کی تعلیم اہم ہے اور مجھے اپنے کام کے ساتھ اس کو وقت دینا ضروری ہے‘۔
یاد رہے کہ ماہرہ خان نے 2007 میں علی عسکری سے شادی کی تھی، جن سے انہوں نے 2015 میں طلاق لے لی۔