لاہور(ویب ڈیسک )بھارتی ایئر فورس کی جانب سے دراندازی کی کوشش کی گئی جس کے بعد پاک فضائیہ کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے بعد بھارتی طیارے فرار ہوگئے۔ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کے مطابق بھارتی طیاروں نے مظفر آباد سیکٹر سے دراندازی کی کوشش کی اور طیارے آزاد جموں و کشمیر میں تین سے چار میل تک داخل ہوئے۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاک فضائیہ کے بروقت اور مؤثر جواب کے باعث بدحواس بھارتی طیارے اپنے ایمونیشن بالاکوٹ کے قریب گرا کر فرار ہوگئے۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارتی دراندازی کے واقعے میں کوئی جانی یامالی نقصان نہیں ہوا تاہم پاک فضائیہ کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے بعد بھارتی طیارے فرار ہوگئے۔میجر جنرل آصف غفور نے بھارتی طیاروں کی جانب سے کھلے علاقوں میں گرائے گئے ہتھیاروں کی تصاویر بھی جاری کردیپلوامہ حملے کے بعد 40 سے زائد بھارتی اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد بھارتی حکومت اور میڈیا بدحواس ہوچکا ہے اور پڑوسی ملک سے مسلسل پاکستان کو سبق سکھانے، سفارتی سطح پر تنہا کرنے اور جنگ کرنے جیسی آوازیں آرہی ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ روز سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کے ہمراہ ایئر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا تھا جس کے دوران ملک کو درپیش خطرات اور بھارت کی جانب سے کسی بھی قسم کی جارحیت پر جوابی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔اقوام متحدہ کو بھارتی فضائیہ کی دراندازی کی کوششوں کاسخت نوٹس لینا چاہیے: گورنر پنجاب گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اقوام متحدہ کو بھارتی فضائیہ کی دراندازی کی کوششوں کاسخت نوٹس لینا چاہیے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستانی شاہینوں نے دشمن کو ہمیشہ کی طرح منہ توڑ جواب دیا، آج ملکی دفاع کے لیے پوری قوم افواج پاکستان اور حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔