اسلام آباد (نیوز ڈیسک) چئیرمین سینیٹ کیخلاف تحریک عدم اعتماد پیپلز پارٹی نے ناکام بنائی، سینیٹر شبلی فراز کا انکشاف، دعویٰ ہے کہ پی پی نے اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کیساتھ گیم کھیلا اور اپنے ڈپٹی چئیرمین کو بچا لیا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کے سینیٹر شبلی فراز کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی نے اپوزیشن اتحاد سے بغاوت کی اور چئیرمین سینیٹ کو بچا لیا۔
جبکہ پیپلز پارٹی نے کمال مہارت سے اپنے ڈپٹی چئیرمین کو بچا لیا۔ واضح رہے کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو تبدیل کرنے کی اپوزیشن اور ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا کی تبدیلی کی حکومتی کوششیں ناکام ہوگئیں جس کے بعد صادق سنجرانی چیئر مین اور سلیم مانڈوی والا ڈپٹی چیئر مین سینیٹ کے عہدے پر برقرار رہیں گے، چیئرمین سینٹ کے خلاف قرارداد پر ووٹنگ کے دور ان میر حاصل بزنجو نے 50اور صادق سنجرانی نے 45ووٹ حاصل کئے ، پانچ ووٹ مسترد ہوگئے ، جماعت اسلامی نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا ، چوہدری تنویر بیرون ملک ہونے کی وجہ سے ووٹ کاسٹ نہ کر سکے ، اسحاق ڈار نے حلف ہی نہیں اٹھایا ،چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد حکومتی اراکین نے ڈیسک بجا کر ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور حکومتی اراکین کی جانب سے ایک سنجرانی سب پر بھاری کے نعرے لگائے گئے۔
جمعرات کو سینیٹ کی تاریخ میں پہلی بار چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو عہدے سے ہٹانے کی قرارداد پر رائے شماری ہوئی،ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد حکومت اور اپوزیشن کے پولنگ ایجنٹس کے سامنے ووٹوں کی گنتی کی گئی۔پریزائیڈنگ افسر بیرسٹر سیف نے ووٹوں کی گنتی کے بعد اعلان کیا کہ آئین کے مطابق قرارداد کے حق میں 50 ووٹ پڑے جس کی وجہ سے یہ قرارداد متعلقہ ایک چوتھائی ووٹ نہ ملنے کی وجہ سے مسترد کی جاتی ہے۔