اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)گزشتہ روز بھارت نے پاکستان پر حملہ کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول کی شدید خلاف ورزی کی تھی جس کے نتیجے میں پاکستان نے اپنے فوجی جوانوں کی شہادت کا بدلہ لیتے ہو ئے 6بھارتی فوجیوں کو جہنم واصل کیا اور ایک فوجی کو زندہ گرفتار بھی کیا گیا ۔ جس پربھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کا کہنا ہے کہ بھارتی اہلکار کو پاکستان کی حراست سے رہائی دلوانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا سے بات کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ کا کہنا تھا کہ ایل او سی پر بھارتی فوج کی جانب سے کیے گئے اس آپریشن کا مقصد بھارت میں گھسنے والے دہشتگردوں کو مارنا تھا۔انہوں نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے کیے گئے سرجیکل اسٹرائیکس میں کسی بھارتی فوجی کی جان نہیں گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئی دہلی بھارتی فوجی کی رہائی کے لیے اسلام آباد میں پاکستانی حکام سے بھی رابطہ کرے گی۔ واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے دراندازی کرنے والے فوجی کو پاکستان نے حراست میں لےلیا ہے لیکن بھارت کا کہنا ہے کہ اہلکار غلطی سے سرحد پار کر کے پاکستان چلا گیا تھا۔