کراچی: حکومت میں تبدیلی کے بعد کئی لوگ چیئرمین پی سی بی کی کرسی کو للچائی ہوئی نظروں سے دیکھنے لگے۔ عمران خان کے نئے وزیر اعظم بننے سے قبل ہی کرکٹ کی بعض شخصیات چیئرمین پی سی بی کی پوسٹ سنبھالنے کے خواب دیکھنے لگی ہیں، ان میں ایک پی ایس ایل فرنچائز کے مالک سمیت بعض سابق کرکٹرز بھی شامل ہیں، ذرائع کے مطابق بعض لوگوں نے عمران خان کی قریبی شخصیات کو یقین دلانا شروع کردیا ہے کہ ان سے بہتر انتخاب کوئی ثابت ہو ہی نہیں سکتا۔دوسری جانب لاہور میں واقع بورڈ آفس میں بھی گزشتہ روز حکومت کی ’’تبدیلی‘‘ کا چرچا رہا اور ملازمین تبادلہ خیال کرتے رہے کہ اس کا کس پر اثر پڑ سکتا ہے، چیئرمین نجم سیٹھی شام کو دفتر آئے اور معمول کے امور انجام دیے،قریبی ذرائع کے مطابق انھوں نے ’’دیکھو اور انتظار کرو‘‘ کی پالیسی اپنا لی ہے، وہ خود سے میدان نہیں چھوڑیں گے۔ادھر الیکشن کے دنوں میں بھی ذاکرخان، عمران خان کے آس پاس ہی دکھائی دیے، البتہ ذرائع کا کہنا ہے کہ انھیں چیئرمین کی ذمہ داری شاید ہی سونپی جائے، سابق کپتان کو اس بات کا اندازہ ہے کہ سب دونوں کی قربت سے واقف ہیں ایسے میں اگر کوئی بڑی ذمہ داری سونپی تو دوستی نبھانے کا الزام لگ جائے گا، ذاکر خود بھی چاہتے ہیں کہ ماضی کی پوسٹ پر ہی فعال ہو جائیں۔واضح رہے کہ گذشتہ کئی برس سے انھیں بغیر کام کیے ماہانہ تنخواہ و دیگر مراعات دی جا رہی ہیں۔دوسری جانب عام انتخابات 2018 میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کامیابی پر انٹرنیشنل کرکٹرز اور بالی وڈ اسٹارز کی جانب سے عمران خان کو مبارکباد پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔سابق بھارتی کرکٹ کپتان کپل دیو نے اپنے ویڈیو پیغام میں عمران خان کو مبارک باد دی اور کہا کہ عمران خان کا وزیراعظم بننا بہت خوشی کی بات ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار کوئی کھلاڑی وزیراعظم کے منصب پر فائز ہونے جا رہا ہے، لہذا دعا ہے کہ جس طرح انہوں نے کرکٹ کے میدان میں وطن کے لیے کام کیا، اس سے بہتر پاکستان کی خدمت کریں اور ترقی سے ہمکنار کریں۔کپل دیو کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان میں پہلے بھی جنون تھا اور اب بھی ہے اور اگر پاک-بھارت کرکٹ تعلقات بحال ہوئے تو انہیں بے حد خوشی ہوگی۔انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے چیئرمین راجیو شکلا نے بھی انتخابات میں عمران خان کی کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کی اور کہا یہ میرا اعزاز ہے میں نے یہ پوزیشن حاصل کرنے کے لیے ان کی 22 برس کی محنت دیکھی ہے’۔ بھارتی تبصرہ کار اور سابق کرکٹر سنجے منجریکر نے بھی عمران خان کو اپنا کرکٹ ہیرو قرار دیتے ہوئے مبارک باد پیش کی اور کہا کہ عمران بلند معیار ترتیب دینے کی مثال ہیں اور اس پر پہنچ رہے ہیں۔