اسلام آباد(ویب ڈیسک ڈیسک) ماہ رمضان کی آمد آمد ہے اور اس حوالے سے گلف نیوز نے اپنی ایک رپورٹ میں دنیا بھر میں روزے کے اوقات کی طوالت کے متعلق بتا دیا ہے۔ اخبار نے بتایا ہے کہ اس سال دنیا بھر میں طویل ترین روزے روس کے شہر مرمانسک (Murmansk)میں ہوں گے جن کا دورانیہ زیادہ سے زیادہ 20گھنٹے 45منٹ ہو گا جبکہ سب سے چھوٹے روزے ارجنٹینا کے شہر اوشوالا (Ushuala)میں ہوں گے جہاں ان کا زیادہ سے زیادہ دورانیہ 11گھنٹے ہو گا۔ پاکستان میں روزوں کا زیادہ سے زیادہ دورانیہ 15گھنٹے اور 14منٹ ہو گا۔ دیگر ممالک کی بات کی جائے تو آئس لینڈ میں روزانہ 19گھنٹے 26منٹ، سویڈن میں 19گھنٹے 43منٹ، ناروے میں 18گھنٹے 43منٹ، برطانیہ میں 17گھنٹے 51منٹ، سکاٹ لینڈ میں 18گھنٹے 14منٹ، ایران میں 15گھنٹے 26منٹ، سعودی عرب میں 14گھنٹے 37منٹ اور بھارت میں روزے کا زیادہ سے زیادہ دورانیہ 14گھنٹے 51منٹ ہو گا۔ دوسری طرف تفصیلات کے مطابق ماہ رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا مرکزی اجلاس آج کراچی میں ہوگا، اجلاس کی صدارت چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان کریں گے۔محکمہ موسمیات نے کل ملک میں رمضان کا چاند نظرنہ آنے کی پیشگوئی کی ہے، اس حوالے سے ذرائع محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ماہ رمضان کے چاند کی پیدائش29شعبان کی شام ہوگی۔اتوار کو چاند نظر آنے کے لیے مطلوبہ عمر پوری نہیں ہوگی، لہٰذا پیر کو رمضان کا چاند نظرآنے کے واضح امکانات ہوں گے، اس لیے ملک میں پہلا روزہ منگل کو ہونے کے امکانات زیادہ ہیں۔ اس کے علاوہ رویت ہلال ریسرچ کونسل نے بھی پہلاروزہ منگل کو ہونے کی پیشگوئی کردی ہے۔رویت ہلال ریسرچ کونسل کے مطابق چاند ہفتے اور اتوار کی رات تین بج کر46منٹ پر پیدا ہوگا، پانچ مئی کی شام غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر16گھنٹے سے کم ہوگی، نیا چاند دکھائی دینے کیلئے کم ازکم عمر19گھنٹے ہوتی ہے۔