ریاض(ویب ڈیسک)سعودی سربرآوردہ علماء بورڈ کے رکن شیخ عبداللہ المنیع نے توقع ظاہر کی ہے کہ امسال شعبان کا مہینہ 30دن اور رمضان المبارک کے روزے 29ہونگے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انہوں نے توجہ دلائی کہ وہ 1415ھ سے ہر سال عربی کیلنڈر کی تفصیلات پیش کررہے ہیں جس میں چاند کے ہر مہینے کی ابتداء اور انتہا کی نشاندہی کرتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ امسال رمضان کے روزے 6مئی 2019ء پیر سے شروع ہونگے اور 3جون 2019ء پیر کو ختم ہونگے۔ عید الفطر 4جون 2019ء منگل کو ہوگی۔ ابوہُریرہ رضی اللہ عنہ کا کہنا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم نے فرمایا (اِذا دخَلَ شھرُ رمضانُ فُتِحت اَبوابُ السَّماءِ وغُلِّقت اَبوابُ جھنَّمَ و سُلسِلَت الشیٰطین جب رمضان داخل ہوتا ہے تو شیطانوں کو زنجیریں پہنا دی جاتی ہیں اور آسمان کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں اور جہنم کے دروازے بند کر دیے جاتے ہیں) صحیح البُخاری حدیث /1899 ،اس حدیثِ مبارکہ کی روشنی میں دیکھا جائے تو یہ بات روزِ روشن کی طرح عیاں ہو جاتی ہے کہ ماہِ مقدس رمضان المبارک میں شیاطین کو مکمل پابند کر دیا جاتا ہے ، تو یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ جب شیاطین قید میں ہوتے ہیں تو وہ کون سا شیطان ہے جو انسان کو بلکہ ایک مسلمان کو اس حد تک بہکا دیتا ہے کہ وہ اس مبارک مہینے میں بھی لوگوں کو ایذا دینے سے نہیں چُوکتا ، اور یہ ایذا رسانی کا کام مختلف انداز میں چہار سُو دکھائی دیتا ہے ، ماہِ مقدس رمضان المبارک میں کھلے عام کھانا پینا ، ٹی وی پر اسلام کے نام نہاد مولانا حضرات کی عورتوں کے ساتھ مخلوط افطار پارٹیاں ، شو بز کے وہ افراد جو شاید خود بھیاسلام کے صحیح طور طریقوں سے واقف نہیں ہوتے وہ مختلف چینلز پر اسکالرز کے فرائض انجام دے رہے ہوتے ہیں ، مشہورِ عام فلمی گیتوں کی طرز پر نعتیہ کلام جھوم جھوم کر پیش کیا جا رہا ہوتا ہے ، عیش و نشاط کی محفلوں میں اذکار بیان کیئے جا رہے ہوتے ہیں ۔