لاہور ;پاکستان بھر میں 25 جولائی کو عام انتخابات ہونے جارہے ہیں اور اس حوالے سے سرویز آنے کا بھی سلسلہجاری ہے تاہم اب روشن پاکستان کا ایک نیا سروے سامنے آ گیاہے جس کے مطابق ہنگ پارلیمنٹ بننے کا امکان ہے جس کی اکثریتی جماعت تحریک انصاف ہو گی۔تفصیلات کے مطابق روشن پاکستان کی جانب سے 16تا 18جولائی تک سروے کیا گیا جس کے مطابق تحریک انصاف باقی جماعتوں کے مقابلے میں آگے نظر آ رہی ہے جبکہ ن لیگ دوسرے نمبر پر ہے ۔ روشن پاکستان کی جانب سے کہا گیاہے کہ جس طریقہ کار سے یہ سروے کیا گیاہے یہ زیادہ تر علاقوں میں بالکل درست ہے لیکن ان علاقوں کیلئے یہ پوری طرح درست نہیں جہاں پر الیکٹیبلز ادھر ادھر گھوم رہے ہیں ۔روشن پاکستان کے حالیہ سروے کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی کارکردگی میں بہتری سامنے آئی ہے اور سروے کا کہناہے کہ 2018کی پارلیمنٹ میں پی ٹی آئی ممکنہ طور پر 98 سیٹوں کے ساتھ اکثریتی جماعت ہو سکتی ہے جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن 70 سیٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے گی ۔ اس کے علاوہ پیپلز پارٹی گزشتہ الیکشن کی نسبت بہتر پوزیشن میں نظر آ رہی ہے اور امکان ہے کہ 41 سیٹوں پر کامیابی حاصل کر لے گی ۔ان کے علاوہ متحدہ مجلس عمل پارٹی صرف 10 اور ایم کیوایم پاکستان 11 سیٹوں پر کامیابی حاصل کر سکے گی ۔یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ روشن پاکستان کی جانب سے 4 جولائی کو سروے جاری کیا گیا جس میں 28 جون سے یکم جولائی تک لوگوں کی رائے معلوم کی گئی جس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف 93
سیٹوں کے ساتھ اکثریتی جماعت رہے گی جبکہ مسلم لیگ ن دوسرے نمبر پر آئے گی اور اس کی سیٹوں کی تعداد 71 تک ہوسکتی ہے۔تاہم اس کے بعد آنے والے سروے جو کہ 7 جولائی سے 10 جولائی تک کیا گیا جس میں پی ٹی آئی تنزلی کا شکار دکھائی دی ، اس سروے کے مطابق روشن پاکستان کا کہناتھا کہ تحریک انصاف کی نشستوں میں کمی آئی ہے اور اب اس کو 89 سیٹیں ملتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔اسی سروے کے مطابق مسلم لیگ ن کی کارکردگی میں بہتری آئی تھی اور اسے آئندہ الیکشن میں 76 نشستیں ملتی ہوئی نظر آ رہی تھی ۔تاہم اب روشن پاکستان کا تازہ سروے سامنے آ گیاہے جو کہ 16 سے 18 جولائی تک کیا گیا ہے ۔