لاہور (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی حکومت کو آئے ایک سال کا عرصہ گزر چکا ہے مگر عوام کے لیے ریلیف کی کوئی صورت نظر نہیں آتی۔حکومت نے پہلے تین اور پھر چھے ماہ کا وقت مانگا تھا کہ مشکل وقت گزر جائے گا مگر ایک سال بیت جانے کے باوجود بھی عوام کا کوئی حال نہیں،آئے دن مہنگائی ایک قدم اور اوپر چڑھ جاتی ہے ا ور روزگار بھی نایاب ہوتا جا رہا ہے۔ مہنگائی کے پیش نظر کچھ ماہ قبل موٹرسائیکل اور کار کمپنیوں نے اپنی پراڈکٹ کی قیمتیں بڑھائی تھیں اور اب ایک بار پھر قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔اٹلس ہونڈا نے سی ڈی 70 سمیت دیگر ماڈلز کی موٹر سائیکلوں کی قیمت میں اضافہ کردیا، اور ان نئی قیمتوں کا اطلاق یکم ستمبر 2019ء سے شروع ہو گیا۔اٹلس ہونڈا کے نیشنل منیجر سیلز کی جانب سے موٹر سائیکل کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیاہیجس کے مطابق کم سے کم ایک ہزار اور زیادہ سے زیادہ 4 ہزار روپے تک قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ اٹلس ہونڈا کی سی ڈی 70 موٹر سائیکل جو پہلے 73 ہزار 900 روپے میں دستیاب تھی اب صارفین کو 74 ہزار 900 روپے میں ملے گی جبکہ سی ڈی 70 ڈریم ایک ہزار روپے اضافے سے 78 ہزار 900 روپے میں دستیاب ہوگی۔نوٹیفکیشن کے مطابق ہونڈا پرائیڈر اور سی جی 125 کی قیمت میں بھی ایک ہزار روپے اضافہ کردیا گیا جبکہ سی جی 125 (سیلف اسپیشل) کی قیمت میں 4 ہزار روپے بڑھادی گئی جو اب صارفین کو ایک لاکھ 48 ہزار 900 روپے میں ملے گی۔ہونڈا کی سی بی 125 ایف 2 ہزار روپے اضافے سے ایک لاکھ 70 ہزار 500 اور سی بی 150 ایف کی قیمت 4 ہزار روپے اضافے سے 2 لاکھ 9 ہزار 500 کردی گئی ہے جبکہ ہونڈا سی بی 250 ایف کی قیمت میں کوئی رد و بدل نہیں کیا گیا۔