اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید نے ریلوے کی 9مہینوں کی کارکردگی پیش کردی ، انہوں نے کہا کہ 9مہینوں میں 4ارب خسارہ کم کیا اور 54ارب 59کروڑ ر وپے کمائے ،5سالوں میں خسارہ ختم کردیں گے،ریلوے مسافروں کی تعداد60کردی ہے، پانچ سالوں میں ایک کروڑ پر لے جائیں گے،فریٹ 4فیصد سے 20فیصد کردیں گے۔ انہوں نے آج یہاں پاکستان ریلوے کی کارکردگی پرپریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ساری قوم کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں کہ وزیراعظم کل شام کو سرسید ایکسپریس نان اسٹاپ ٹرین کا افتتاح کریں گے۔ہمارے پاس وقت ہوگا ہم اپنی پرانی ٹرینوں کوبحال کریں۔انہوں نے کہا کہ قوم کیلئے خوشخبری ہے کہ پاکستان ریلوے نے 4ارب خسارے میں کمی کی ہے، تاریخ کا ریکارڈ ہے۔مالی سال 2017-18ء میں سالانہ خسارہ 36ارب 62کروڑ تھا، اب میں اس میں 4خسارہ کم ہوگیا ہے۔ہمیں 4ارب کا تیل بھی زیادہ خریدنا پڑا ہے۔میں بتا دینا چاہتاہوں کہ وعدہ کرتا ہوں کہ 5سال میں ریلوے کو خسارے سے پاک کردیں گے۔شیخ رشید نے کہا کہ میں نے وزیراعظم سے کہا کہ ریلوے ملازمین کو ایک گریڈ اور دیں، لیکن اگر میں آمدن بڑھا لیتا ہوں توریلوے ملازمین کی تنخواہوں میں 10فیصد اضافہ کردوں گا۔54ارب 59کروڑ ریلوے نے 9مہینوں میں کمائے ہیں۔پچھلی حکومت میں 49ارب سے کچھ زیادہ تھا تو یہ چھاتی چوڑی کرکے چلتے تھے۔ہم نے ریلوے کے ٹارگٹ کو پورا ہی نہیں کیا بلکہ ٹارگٹ میں 4ارب کا اضافہ بھی کیا ہے۔اضافی تیل ،تنخواہوں اور پنشن کی مد میں 3ارب 33کروڑ کا اضافی بوجھ بھی اٹھایا ہے۔ہم نے 60مسافر زیادہ بڑھائے ہیں۔ہم نے نئی ٹرینوں کے ٹینڈرز لگا دیے ہیں۔اس کے بعد ہم جو فریٹ 4فیصد اٹھا رہے ہیں وہ 20فیصد اور مسافرو ں کو 60لاکھ سے ایک کروڑ پر لے جائیں گے۔ مسافر ٹرینیں نفع نہیں دیتیں ، مال گاڑیاں نفع دیتی ہیں۔ہم ٹرین کا ہیڈکوارٹرز کراچی لے کر جا رہے ہیں، کیونکہ کام سارا وہیں پر ہے۔